Bharat Express DD Free Dish

Israel detained two British MPs: اسرائیل نے لیبر پارٹی کے دو برطانوی اراکین پارلیمان کو حراست میں لے کر واپس برطانیہ بھیجا، برطانوی خارجہ سکریٹری نے کہا-’’یہ ناقابل قبول ہے‘‘

شمالی انگلینڈ میں شیفیلڈ سینٹرل کی ایم پی ابتسام محمد اور جنوب مشرقی انگلینڈ کے ارلی اینڈ ووڈلی کے ایم پی یوآن یانگ نے اتوار کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ اسرائیل کے اس قدم سے ’’حیران‘‘ ہیں۔

برطانوی اراکین پارلیمان یوآن یانگ اور ابتسام محمد۔

برطانوی حکومت نے پارلیمانی وفد کے حصہ کے طور پر مغربی کنارے کے مجوزہ دورے کے لیے داخلے سے منع کیے جانے کے بعد اسرائیل میں لیبر پارٹی کے دو اراکین پارلیمنٹ کی حراست کو ’’ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے۔ شمالی انگلینڈ میں شیفیلڈ سینٹرل کی ایم پی ابتسام محمد اور جنوب مشرقی انگلینڈ کے ارلی اینڈ ووڈلی کے ایم پی یوآن یانگ نے اتوار کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وہ اسرائیل کے اس قدم سے ’’حیران‘‘ ہیں۔

اسرائیل کے امیگریشن اتھارٹی نے کہا کہ برطانیہ کے دونوں ممبران پارلیمنٹ کو داخلے سے اس لیے منع کیا گیا کیوں کہ وہ دونوں اسرائیل کے خلاف ’’نفرت انگیز تقریر‘‘ کا ارادہ رکھتے تھے اور حماس کے ساتھ جاری تنازعہ کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی ’’دستاویز‘‘ تیار کرنے کے لیے سفر کر رہے تھے۔ دریں اثنا برطانیہ کے خارجہ سکریٹری ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ ’’یہ ناقابل قبول، افسوس ناک اور گہری تشویش کا باعث ہے کہ اسرائیل جانے والے پارلیمانی وفد میں شامل دو برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو اسرائیلی حکام نے حراست میں لیا اور انھیں داخلے سے انکار کر دیا۔‘‘ ڈیوڈ لیمی نے مزید کہا ’’میں نے اسرائیلی حکومت میں اپنے ہم منصبوں پر واضح کر دیا ہے کہ برطانوی ارکین پارلیمان کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل قبول ہے۔۔۔ برطانوی حکومت کی توجہ جنگ بندی، خونریزی روکنے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں تنازعے کے خاتمے پر ہے۔‘‘

دونوں برطانوی اراکین پارلیمان نے جاری کیا مشترکہ بیان

وہیں دونوں برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے کہا کہ ان کا یہ سفر برطانیہ کے خیراتی اداروں کے ساتھ منعقد تھا جنھیں ’’پارلیمانی وفود کو لے جانے کا ایک دہائی سے زیادہ کا تجربہ ہے‘‘۔ یمن میں پیدا ہونے والے محمد اور برطانوی چینی یانگ، دونوں نے گزشتہ سال پہلی بار منتخب ہونے کے بعد سے ہاؤس آف کامنز میں اسرائیل اور حماس کے تنازع میں متعدد مداخلتیں کی ہیں۔ ان دونوں کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم دو ایسے اراکین پارلیمنٹ میں سے ہیں، جنھوں نے حالیہ مہینوں میں اسرائیل فلسطین تنازعہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی تعمیل کی اہمیت پر پارلیمنٹ میں اظہار خیال کیا ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کو بلا جھجک اور نشانہ بنائے جانے کے خوف کے بغیر ہاؤس آف کامنز میں سچ بولنا چاہیے۔‘‘ واضح رہے کہ یمن میں پیدا ہونے والی محمد ابتسام، برطانوی رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والی پہلی عرب خاتون ہیں۔ وہیں یانگ پہلے چینی نژاد برطانوی شہری ہیں، جو ایم پی بنے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read