واشنگٹن: ایکس (سابق ٹوئٹر) اور اسٹارلنک کے مالک ارب پتی ایلون مسک نے حال ہی میں زِرودھا کے کو فاؤنڈر نِکھل کامتھ کے ساتھ پوڈکاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی اور خصوصاً اپنی پارٹنر شیوان جِلس سے متعلق اہم انکشافات کیے۔ مسک نے بتایا کہ شیوان کا بھارت سے گہرا تعلق ہے، جو ان کی فیملی کی جڑوں سے جڑا ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مسک نے پہلی بار یہ بھی بتایا کہ ان کے بیٹے کا درمیانی نام “شیکھر” کیوں رکھا گیا اور اس نام کے پیچھے کی کیا کہانی ہے۔
ایلون مسک نے گفتگو کے دوران کہا کہ ان کی ساتھی شیوان آدھی بھارتی نژاد ہیں۔ اگرچہ وہ بھارت میں پیدا نہیں ہوئیں اور نہ ہی وہاں پلی بڑھی ہیں، لیکن ان کے حقیقی والد کا تعلق بھارت سے ہے۔ شیوان کو بچپن میں گود لیا گیا تھا اور وہ کینیڈا میں پروان چڑھیں۔ مسک نے کہا کہ انہیں اس موضوع کی مزید تفصیلات معلوم نہیں، اس لیے زیادہ وضاحت کرنا ممکن نہیں، مگر ان کے خاندان کا بھارت سے مضبوط پس منظر ہے۔
مسک نے مزید بتایا کہ انہوں نے اور شیوان نے اپنے بیٹے کا مڈل نیم “شیکھر” رکھا، جو معروف بھارتی نژاد امریکی سائنسدان سبرامنین چندرشیکھر کے اعزاز میں ہے۔ چندرشیکھر کو 1983 میں فزکس کے نوبل انعام سے نوازا گیا تھا اور وہ فلکیاتی طبیعیات کے شعبے کی عالمی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ گفتگو کے دوران ایلن مسک نے اپنے بچوں کے حوالے سے بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ “میرے مختلف پارٹنر سے کئی بچے ہیں، بالکل ایک فوج کی طرح۔ میں پوری رومن آرمی جمع کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ کچھ بچے بڑے ہو چکے ہیں اور یونیورسٹیوں میں جا رہے ہیں، جبکہ کچھ ابھی چھوٹے ہیں۔ میں کوشش کرتا ہوں کہ ان سب کے ساتھ وقت گزار سکوں۔ رات کو سونے سے پہلے چھوٹے بچوں سے مل لیتا ہوں”۔
شیوان جِلس کے کیریئر کا ذکر کرتے ہوئے مسک نے کہا کہ وہ سالوں سے ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ شیوان کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ییل یونیورسٹی سے اکنامکس اور فلسفے میں تعلیم حاصل کی۔ تعلیم کے دوران وہ کھیلوں میں بھی سرگرم رہیں اور آئس ہاکی کی گول کیپر رہی ہیں۔ گریجویشن کے بعد انہوں نے آئی بی ایم اور بلومبرگ میں کام کیا اور 2016 میں اے آئی کے میدان میں قدم رکھا۔ مسک نے گفتگو کے اختتام پر نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اپنے خواب پورے کرنے کی ہمت رکھتے ہیں، وہ ان کی نظر میں قابلِ احترام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی اور خوشی کی تلاش ایک مسلسل سفر ہے اور انسان کو سماج میں مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

