Bharat Express DD Free Dish

US-China tariff war: چین نے امریکی درآمدات پر 125 فیصد ٹیرف کے ساتھ کی جوابی کارروائی، کہا-اگر امریکہ نے مزید ٹیرف لگایا تو مذاق بن کر رہ جائیں گے ٹرمپ

چین کے کسٹمز ٹیرف کمیشن نے کہا ’’اگر امریکہ اور زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، تو اس کا کوئی مطلب نہیں رہے گا اور وہ عالمی اقتصادی تاریخ میں ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔‘‘

چین نے جمعہ کے روز ٹرمپ انتظامیہ کے ٹیرف کے خلاف اپنا ’’جیسے کو تیسا‘‘ اقدام جاری رکھتے ہوئے امریکہ سے درآمدات پر اضافی محصولات کو بڑھا کر 125 فیصد کر دیا ہے، جب امریکہ نے چین پر 145 فیصد ٹیرف کا اعلان کر دیا۔ حالاں کہ چین نے اس درمیان اس تعطل کو حل کرنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ بات چیت میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اضافی 125 فیصد ٹیرف کا اعلان کرتے ہوئے چین کے کسٹمز ٹیرف کمیشن نے کہا ’’اگر امریکہ اور زیادہ ٹیرف لگاتا ہے، تو اس کا کوئی مطلب نہیں رہے گا اور وہ عالمی اقتصادی تاریخ میں ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔‘‘

کمیشن نے مزید کہا کہ ’’یہ دیکھتے ہوئے کہ چینی مارکیٹ کے لیے موجودہ ٹیرف کی سطح پر امریکی درآمدات کو قبول کرنا پہلے ہی ناممکن ہے، ایسی صورت میں اگر امریکہ چینی مصنوعات پر مزید محصولات عائد کرتا ہے تو چین اسے نظر انداز کر دے گا۔‘‘ اگر پھر بھی امریکہ چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں لگا رہتا ہے، تو بیجنگ سخت جوابی اقدامات کرے گا اور آخر تک لڑے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی درآمدات پر چین کے 125 فیصد تازہ محصولات کا اطلاق ہفتہ سے ہو گا۔

چین کے ساتھ جاری ہے امریکہ کی ٹیرف جنگ

یہ اعلان چینی درآمدات پر ’’باہمی ٹیرف‘‘ کو 125 فیصد تک بڑھانے کے امریکی اقدام کے بعد کیا گیا ہے۔ امریکہ نے بعد میں تصدیق کی کہ چینی مصنوعات پر کل ٹیرف 145 فیصد ہے، کیوں کہ ٹرمپ نے اس سال جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد چین پر 20 فیصد محصولات کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کی امریکی حکومت نے دیگر تمام ممالک کے خلاف ٹیرف پر عارضی روک لگا دی ہے، لیکن چین سے لگاتار تجارتی جنگ میں مصروف ہے۔

چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ چین نے اضافی اقدامات کرتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بات چیت کا دروازہ بھی کھلا رکھا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے جمعہ کے روز کہا کہ اگر امریکہ واقعی بات چیت کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنی زیادہ سے زیادہ دباؤ کی حکمت عملی اور لاپرواہی سے باز رہنا چاہیے۔ واضح رہے کہ چین متعدد بار محصولات کے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کر چکا ہے۔انھوں نے کہا ’’ٹیرف جنگوں یا تجارتی جنگوں میں کوئی فاتح نہیں ہوتا ہے۔ چین ایسی جنگوں میں شامل نہیں ہونا چاہتا ہے، لیکن ہم اس سے ڈرتے بھی نہیں ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ نے ٹیرف کی جنگ بڑھانے پر اصرار کیا تو چین اس چیلنج کا پوری طرح سے جواب دے گا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read