نئی دہلی : متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے فلائی دبئی کی پرواز کو ہائی جیک ہونے سے بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے کو تیار رہنے والے بھارتی پائلٹ کیپٹن اسمت مچھار کو اعلیٰ اعزاز سے نوازا ہے۔ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے کیپٹن اسمت مچھار طیارے کے دیگر عملے کے ارکان کو پہلے درجے کے ’آرڈر آف زاید II‘ سے سرفراز کیا ہے۔دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے طیارے کے عملے کو یہ اعزاز پیش کیا۔ دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس کی اطلاع دی۔یو اے ای کی قیادت نے عملے کی فوری کارروائی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنانا ملک کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر صدر نے طیارے کے عملے کے ارکان سے ملاقات بھی کی۔ اس دوران یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم سمیت کئی سینئر عہدیدار موجود تھے۔
معاون پائلٹ نے کیپٹن مچھار پر کیا تھا حملہ
یہ اعزاز 30 ستمبر کو فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 میں پیش آنے والے واقعے کے بعد دیا گیا ہے۔ دبئی سے تل ابیب جا رہے اس طیارے کے کاک پٹ میں معاون پائلٹ نے کیپٹن اسمت مچھار پر حملہ کر دیا تھا اور طیارے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تھی۔یو اے ای کے استغاثہ کی تحقیقات کے مطابق، ملزم کا ارادہ طیارے کو اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر ٹکرا کر بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانے کا تھا۔
شدید زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن نے دکھائی بہادری
حملے میں شدید زخمی ہونے کے باوجود کیپٹن اسمت مچھار کاک پٹ کا دروازہ کھولنے میں کامیاب رہے۔ اس کے بعد عملے کے دیگر ارکان اور مسافروں نے مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کر لیا۔صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے طیارے کا رخ سعودی عرب کے شہر تبوک کے ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اسے بحفاظت اتار لیا گیا۔ اس طرح طیارے میں سوار تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کی جان بچ گئی۔
مودی اور نیتن یاہو نے بھی بہادری کو سراہا
واقعے کے بعد شیخ حمدان نے اسپتال میں کیپٹن اسمت مچھار سے ملاقات کی تھی اور ان کی بہادری کے ساتھ انسانی جانوں کی حفاظت کے تئیں عزم کی تعریف کی تھی۔بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی کیپٹن مچھار کی بہادری کو سراہا تھا۔اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی اعلان کیا ہے کہ صحت یاب ہونے کے بعد کیپٹن اسمت مچھار کو ملک کے شہری بہادری کے اعزاز سے نوازا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

