نئی دہلی: چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے 10 ستمبر تک سرینڈر کرنے کے حکم کے خلاف بالی ووڈ اداکار راجپال یادو نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اداکار نے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں خصوصی اجازت کی درخواست (SLP) دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے دوران متعلقہ فریق مُرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت اس درخواست پر 15 ستمبر کو اگلی سماعت کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے راجپال یادو کو ہدایت دی ہے کہ وہ کل تک سپریم کورٹ کی رجسٹری میں 5 کروڑ روپے جمع کرائیں۔ عدالت نے کہا ہے کہ رقم جمع کرانے کی صورت میں فی الحال انہیں جیل نہیں جانا پڑے گا۔
ہائی کورٹ نے 10 ستمبر تک سرینڈر کا دیا تھا حکم
اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ کی جسٹس سوارن کانتا شرما کی بنچ نے راجپال یادو کی سزا کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں 10 ستمبر تک سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے راجپال یادو کے خلاف درج تمام 7 مقدمات میں انہیں 3، 3 ماہ کی سادہ قید کی سزا سنائی تھی، جو ایک ساتھ چلنی تھی۔ ہر معاملے میں 1.05 کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ ان کی اہلیہ رادھا راجپال یادو پر بھی ہر معاملے میں 5،5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ صرف اداکار یا فلمی شخصیت ہونے کی بنیاد پر قانون میں کسی کو خصوصی رعایت نہیں دی جا سکتی۔
فلم ’اتا پتا لاپتا‘ سے جڑا ہے معاملہ
یہ قانونی تنازع 2010 کا ہے، جب راجپال یادو نے اپنی پہلی ہندی فلم ’اتا پتا لاپتا‘ بنانے کے لیے دہلی کی کمپنی مُرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ سے تقریباً 5 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ وقت پر ادائیگی نہ ہونے اور سود بڑھنے کے باعث یہ رقم تقریباً 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ راجپال یادو اب تک کمپنی کو 4 کروڑ 25 لاکھ روپے ادا کر چکے ہیں، تاہم باقی رقم اور جرمانے کو لے کر تنازع عدالت میں چلتا رہا۔ ہائی کورٹ کے سخت موقف کے بعد راجپال یادو نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے اور ان کے پاس جیل جانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ ان کی اس مشکل گھڑی میں کئی لوگوں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا۔ اسی سلسلے میں بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر اپیندر رائے نے بھی راجپال یادو کو 25 لاکھ روپے کی امدادی رقم فراہم کی تھی۔ اب سب کی نظریں سپریم کورٹ کی رجسٹری میں جمع ہونے والی رقم اور 15 ستمبر کو ہونے والی سماعت پر ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


