Bharat Express

Indian archer Prathamesh Jawkar: ہندوستانی آرچر پرتھمیش جاواکر نے ورلڈ کپ فائنل میں حاصل کیا  چاندی کا تمغہ

ہندوستانی خواتین کمپاؤنڈ تیر اندازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کی ادیتی سوامی اور جیوتی سریکھا وینم دونوں پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔

ہندوستانی آرچر پرتھمیش جاواکر نے ورلڈ کپ فائنل میں حاصل کیا  چاندی کا تمغہ

Indian archer Prathamesh Jawkar:   ہندوستانی کمپاؤنڈ آرچر پرتھمیش جاواکر کو ورلڈ کپ تیر اندازی کے فائنل میں شوٹ آف میں ڈنمارک کے میتھیاس فلرٹن سے شکست کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

شنگھائی ورلڈ کپ کے فاتح جاوکر چار ماہ میں دوسری بار عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن مائیک شلوسر کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے۔ تاہم، وہ ٹائٹل میچ میں فلرٹن سے 148-148 (10-10*) سے ہار گئے۔ مرکز کے قریب زیادہ شاٹس اسکور کرنے کی وجہ سے فلرٹن کو فاتح قرار دیا گیا۔

جاواکر تیسرے راؤنڈ کے بعد 89-90 سے پیچھے تھے لیکن چوتھے راؤنڈ میں انہوں نے 30 میں سے 30 اسکور کیے اور اسکور کو 119 پر برابر کردیا۔ اس کے بعد پانچویں اور آخری راؤنڈ میں دونوں تیر اندازوں نے یکساں 29 پوائنٹس حاصل کیے۔ ٹائی بریکر میں بھی دونوں کے اسکور ایک جیسے رہے لیکن ہندوستانی کھلاڑی کو معمولی فرق کی وجہ سے چاندی کے تمغے سے ہی مطمئن ہونا پڑا۔

مہاراشٹر کے تیر انداز نے اس سے قبل سیمی فائنل میں شلوسر کو 150-149 سے شکست دی تھی۔

 قابل ذکر بات یہ ہے کہ  شلوسر نے کانسی کے تمغے کے مقابلے میں تجربہ کار کھلاڑی ابھیشیک ورما کو 150-149 سے شکست دے کر ہندوستان کو دوسرا تمغہ حاصل کرنے نہیں دیا۔ ورما اس سے قبل سیمی فائنل میں فلرٹن سے 147-150 سے ہار گئے تھے۔

اس دوران ہندوستانی خواتین کمپاؤنڈ تیر اندازوں نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کی ادیتی سوامی اور جیوتی سریکھا وینم دونوں پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکیں۔ جیوتی کو کولمبیا کی سارہ لوپیز نے پانچ پوائنٹس کے بڑے فرق سے شکست دی۔

سب کی نظریں دفاعی عالمی چمپئن آدیتی سوامی پر تھیں لیکن 17 سالہ کھلاڑی دباؤ کو سنبھال نہیں پائی اور شوٹ آف میں ڈنمارک کی تنجا جیلینتھین سے 145-145 (9-10) سے ہار گئیں۔

ریکرو کیٹیگری میں حصہ لینے والے ہندوستان کے واحد کھلاڑی دھیرج بومادیوارا کو ابتدائی راؤنڈ میں کورین ہیوی ویٹ کم ووجن کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

  خواتین کے ریکرو زمرے میں کسی ہندوستانی کھلاڑی نے حصہ نہیں لیا۔ یہ پہلا موقع تھا جب ہندوستان کے پانچ کھلاڑیوں نے سال کے آخری مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

بھارت ایکسپریس

Also Read