Bharat Express

ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے ‘سروجنی نگر لیگ’ کا افتتاح کیا

سروجنی نگر کے نوجوانوں کو فِٹ رکھنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینے کے مقصد کے ساتھ ایم ایل اے ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے اتوار کو سروجنی نگر اسپورٹس لیگ کا افتتاح کیا۔

ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے 'سروجنی نگر لیگ' کا افتتاح کیا

لکھنوٗ، 04 دسمبر۔ بھارت ایکسپریس: سروجنی نگر کے نوجوانوں کو فِٹ رکھنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دینے کے مقصد کے ساتھ ایم ایل اے ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے اتوار کو سروجنی نگر اسپورٹس لیگ کا افتتاح کیا۔ لیگ کا آغاز ایس کے ڈی اکیڈمی، ورنداون یوجنا میں انڈر 19 گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ہوا۔ سروجنی نگر کے 16 مختلف اسکولوں کی طالبات نے اس میں حصہ لیا۔

ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے چراغ جلا کر پروگرام کا آغاز کیا۔ انھوں نے باسکٹ بال اچھال کرمیچ شروع کیا۔ اس ٹورنامنٹ کے پہلے روز پول اے میں چار ٹیموں نے حصہ لیا۔ تمام ٹیموں کے درمیان چار میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ کرنل ایس این مشرا او بی ای میموریل اسکول اور بھونوال کانونٹ اسکول کے درمیان ہوا جس میں بھونوال کانونٹ اسکول نے فتح حاصل کی۔ اسی طرح دوسرا میچ منی پال پبلک اسکول اور دہلی پبلک اسکول کے درمیان ہوا جس میں منی پال پبلک اسکول فاتح رہا۔ تیسرا میچ بھونوال کانوینٹ اسکول اور دہلی پبلک اسکول کے درمیان تھا جو دہلی پبلک اسکول نے جیت لیا۔ فائنل میچ کرنل ایس این مشرا او بی ای میموریل اسکول اور منی پال پبلک اسکول کے درمیان کھیلا گیا جس میں منی پال پبلک اسکول نے فتح حاصل کی۔ کھلاڑیوں نے تمام میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ڈاکٹر راجیشور سنگھ باسکٹ بال کھیلتے ہوئے نظر آئے

میچ کے بعد سروجنی نگر کے ایم ایل اے کو بھی باسکٹ بال کھیلتے دیکھا گیا۔ ایم ایل اے کو باسکٹ بال کھیلتے دیکھ کر تمام کھلاڑی جوش و خروش سے لبریز تھے۔ جیسے ہی انھوں نے ٹباسکٹ میں گول کیا، وہاں موجود لوگ جوش میں آگئے اور تالیاں بجائیں۔ اس دوران ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے بتایا کہ اس لیگ کے تحت دیگر کھیلوں جیسے کرکٹ، والی بال، فُٹ بال کے ٹورنامنٹ منعقد کیے جائیں گے۔ میری تمنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچے اس لیگ میں شرکت کریں اور اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔

ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے کہا کہ کووڈ کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام اسکول اور کھیلوں کے پروگرام بند تھے، اس وقت بچوں کا زیادہ تر وقت موبائل اور ٹی وی پر گزرتا تھا۔ بچوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے سروجنی نگر لیگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

کھلاڑی ملک اور معاشرے کے بہترین شہری ہیں – راجیشور سنگھ

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جسمانی طور پر تندرست اور ذہنی طور پر چوکس اور نظم وضبط میں رہتے ہیں۔ ایثار، لگن اورقوتِ فیصلہ کے بہترین معیار کی وجہ سے کھلاڑی ملک اور معاشرے کے بہترین شہری ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر راجیشور سنگھ نے نوجوانوں کو درپیش بیماریوں کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے نوجوانوں میں موٹاپے کا مسئلہ بڑھ رہا ہے۔ ذیابیطس 20 فیصد نوجوانوں میں ایک مسئلہ ہے۔ دنیا میں ہر 10 میں سے ایک بچہ موٹاپے یا ذیابیطس کا شکار ہے۔ ہمیں ان اعداد و شمار کو تبدیل کرنا ہوگا۔ اس کے لیے بہترین اور آسان ذریعہ کھیل ہے۔

نوجوان جتنے مضبوط ہوں گے اتنا ہی ملک ترقی کرے گا – ایم ایل اے

نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان ایک نوجوان ملک ہے۔ یہاں کی آبادی کا 35 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ ہندوستان کی نوجوانوں کی آبادی دنیا کے پانچویں بڑے ملک کے برابر ہے۔ نوجوان جتنا فِٹ ہوگا، ملک کی ترقی میں اتنا ہی تعاون کرے گا۔ نوجوان جتنے مضبوط ہوں گے اتنا ہی ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان کھیلوں کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں، یہی میرا مقصد ہے۔ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کی میری کوششیں جاری ہیں۔ بچوں کو تمام قیمتی سہولیات فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ کھیل سکیں۔

کھیل تعلیم کا اہم حصہ ہے – ہائی کورٹ کے جج عطاء الرحمان مسعودی

اس پروگرام میں ہائی کورٹ کے جج عطاء الرحمن مسعودی، انکم ٹیکس کمشنر رامیشور سنگھ، ایس کے ڈی سنگھ بھی موجود تھے۔ ہائی کورٹ کے جج عطاالرحمن مسعودی نے ڈاکٹر راجیشور سنگھ کی کوششوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑی کی کارکردگیوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سروجنی نگر کے بچوں کی کارکردگی کو دیکھ کر مجھے یقین ہے کہ یہ بچے نہ صرف ریاست بلکہ ملک میں اس خطے کا نام روشن کریں گے۔ کھیل تعلیم کا ایک اہم حصہ ہے جس کے ذریعے آپ اعلیٰ مقام تک جا سکتے ہیں۔ اس لیے کھیلوں پر اتنی ہی توجہ دی جائے جتنی تعلیم پر دی جاتی ہے۔

سروجنی نگر مسلسل ترقی کر رہا ہے – رامیشور سنگھ

انکم ٹیکس کمشنر رامیشور سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر راجیشور سنگھ ایک سرشار اور ایماندار شخصیت ہیں۔ ان کی کوششوں سے سروجنی نگر مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ بچے محنت کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔ تمام کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیلا، انہیں مبارکباد اور آنے والے میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار۔

وہ ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں – ایس کے ڈی سنگھ

ایس کے ڈی سنگھ نے بیٹیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آج بیٹیاں ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو پروان چڑھانا ہے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو کھیلوں کے لیے ترغیب دینا ہے۔

ڈاکٹر سنگھ نے سب سے زیادہ باسکٹ بنانے والے کھلاڑی کو 10,000 روپے نقد اور دوسرے کھلاڑی کو 5,000 روپے دے کر حوصلہ افزائی کی۔ تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ ایک کِٹ فراہم کی گئی جس میں بیگ، ٹی شرٹ، کیپ، واٹر شپر، ہینڈ تولیہ اور باسکٹ بال تھی۔ اس لیگ کے تحت باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا پول بی کا میچ 11 دسمبر کو ہونا ہے جس کے لیے ٹیموں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

۔۔۔ بھارت ایکسپریس

    Tags:

Also Read