پریاگ راج سے اپنا دل ایس کی قومی صدراورمرکزی وزیرانوپریا پٹیل نے مشن 2027 کا انتخابی بگل بجا دیا ہے۔ سردارپٹیل سنستھان میں منعقدہ وجے سنکلپ ریلی کے ذریعہ انوپریا پٹیل نے پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ کیا اور کارکنان میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے جوش پیدا کیا۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں کارکنان کی بھیڑجمع ہوئی، جسے دیکھ کرانوپریا پٹیل بھی کافی خوش نظرآئیں۔ سردارپٹیل سنستھان پہنچنے پرپارٹی کارکنان نے انوپریا پٹیل کا پُرجوش استقبال کیا۔ سب سے پہلے انہوں نے سردارولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پرپھولوں کا ہارچڑھا کرخراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد نیلے اورزعفرانی رنگ کے غبارے فضا میں چھوڑے گئے اورشمع روشن کرکے وجے سنکلپ ریلی کا آغازکیا گیا۔ اس موقع پرانہوں نے سردارپٹیل سمیت دیگرعظیم شخصیات اوراپنا دل کے بانی ڈاکٹرسونے لال پٹیل کوبھی خراج عقیدت پیش کیا۔
ریلی کے دوران ’’ڈاکٹرسونے لال پٹیل امررہیں‘‘ اور’’انوپریا پٹیل زندہ باد‘‘ کے نعروں سے پورا احاطہ گونج اٹھا۔ کارکنان کی بڑی تعداد دیکھ کرانوپریا پٹیل نے اسے حیرت انگیز، ناقابل فراموش اورناقابل تصورقراردیا اورپریاگ راج کے عوام کا باربارشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سرجھکا کرکارکنان کوسلام کیا اورکہا کہ آپ کی محبت، خلوص اوراپنائیت کے لیے ہم سب شکرگزارہیں۔ پریاگ راج کی سرزمین نے ہمیشہ اپنا دل کے پرچم کوبلند رکھا ہے اورسماجی انصاف کی لڑائی کومضبوطی دی ہے۔
100فیصد کامیابی حاصل کرنے کا ہدف مقرر
انوپریا پٹیل نے کہا کہ پریاگ راج اورپرتاپ گڑھ کی سرزمین اپنا دل کی جدوجہد اورکامیابی کی گواہ رہی ہے۔ پرتاپ گڑھ سے ہی پارٹی کا پہلا رکن اسمبلی منتخب ہوکرایوان پہنچا تھا۔ ایک وقت تھا جب اپنا دل کوووٹ کاٹنے والی پارٹی کہا جاتا تھا، لیکن آج اترپردیش میں اپنا دل ایس تیسری سب سے بڑی سیاسی طاقت کے طورپرقائم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے دولت اورطاقت کے بل پرسیاست کرنے والی پارٹیوں کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے۔ 2017 میں پارٹی نے 11 نشستوں پرانتخابات لڑے تھے اور9 پرکامیابی حاصل کی تھی، جبکہ 2022 میں 17 نشستوں پرمقابلہ کرکے 13 پرجیت درج کی تھی۔ اس بارپارٹی کا ہدف تمام نشستوں پرکامیابی حاصل کرنا ہے۔
اپوزیشن پارٹیوں پراٹھایا سوال
سماجی انصاف کے معاملے پراپوزیشن کونشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیرانوپریا پٹیل نے کہا کہ اپنا دل ایس اپنی نظریاتی وابستگی سے کبھی سمجھوتہ نہیں کرتی۔ ذات پرمبنی مردم شماری، میڈیکل داخلہ امتحانات میں اوبی سی ریزرویشن اورآؤٹ سورسنگ کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں میں ریزرویشن جیسے معاملات پارٹی مسلسل اٹھاتی رہی ہے۔ انہوں نے پسماندہ طبقات کے لیے الگ وزارت قائم کرنے اوراوبی سی کریمی لیئرکی حد 8 لاکھ روپئے سے بڑھا کر15 لاکھ روپئے کرنے کا مطالبہ بھی دہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مطالبات کواسی وقت مضبوطی ملے گی، جب پارٹی کی سیاسی طاقت میں مزید اضافہ ہوگا۔
پریاگ راج میں پارٹی کی سیٹیں بڑھانے کا مطالبہ
2027 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظرانوپریا پٹیل نے پریاگ راج میں اپنا دل کی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جتنی بھی نشستوں پرانتخابات لڑے گی، ہرنشست پرکامیابی حاصل کرنے کے لئے پوری طاقت لگائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بندیل کھنڈ سے لے کرمغربی اترپردیش تک پارٹی کا دائرہ بڑھ رہا ہے۔ سماجوادی پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے اس کے انتخابی منشورکوجھوٹ کا پلندہ قراردیا۔ انوپریا پٹیل نے کہا کہ نوجوانوں کوروزگاراورخواتین کی حفاظت کی بات کرنے والے پہلے اپنی حکومت کے دورکا حساب دیں۔ خواتین کے ریزرویشن کے معاملے پربھی انہوں نے اپوزیشن کوگھیرتے ہوئے کہا کہ خواتین اب بیدارہوچکی ہیں اور پارلیمنٹ سے لے کراسمبلی تک اپنی نمائندگی بڑھانا چاہتی ہیں۔ اپنا دل ایس خواتین کوسیاسی طورپربااختیار بنانے کے حق میں ہے۔ انوپریا پٹیل نے آخرمیں کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں۔ انہوں نے نعرہ دیا، ’’ہرہاتھ میں پرچم، ہردل میں جذبہ اورہرزبان پرصرف اپنا دل زندہ باد۔‘‘ وجے سنکلپ ریلی کے ذریعے انوپریا پٹیل نے واضح پیغام دینے کی کوشش کی کہ اپنا دل ایس آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنی سیاسی حصہ داری اورطاقت دونوں بڑھانے کے ارادے سے میدان میں اترنے کی تیاری کررہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



