Bharat Express DD Free Dish

Nayi Chetna 5.0: وزیر اعظم مودی کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز: شیوراج سنگھ چوہان

مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بدھ کے روز ’نئی چیتنا 5.0‘ مہم کا آغاز کیا اور خواتین کے تحفظ و مدد کا پیغام عوام تک پہنچانے کی کوششوں کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے بدھ کے روز ’نئی چیتنا 5.0‘ مہم کا آغاز کیا اور خواتین کے تحفظ و مدد کا پیغام عوام تک پہنچانے کی کوششوں کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی بھی کوشش

مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا، بہنوں کا احترام اور بیٹیوں کی عزت کرنا ہندوستان کی مٹی اور اس کی تہذیب کی بنیاد میں شامل ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں خواتین اور بہنوں کو معاشی، سماجی اور تعلیمی طور پر بااختیار بنانے کے لیے کام کیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں بھی خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دے کر انہیں سیاسی طور پر بااختیار بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں جو بیداری پیدا ہوئی ہے، اس کے پیش نظر وہ کہنا چاہتے ہیں کہ ریزرویشن کی راہ میں رکاوٹ بننے والے لوگ بھی زیادہ دنوں تک خواتین کو لوک سبھا اور اسمبلیوں میں 33 فیصد ریزرویشن دینے سے نہیں روک پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ میں سے کئی خواتین پارلیمنٹ میں بیٹھیں گی۔

ملک میں 3 کروڑ 75 لاکھ ’لکھ پتی دیدیاں‘

شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ملک میں 3 کروڑ 75 لاکھ ’لکھ پتی دیدیاں‘ ہیں اور خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھی ہیں۔ اس دوران انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد اور جرائم کے واقعات پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ واقعات ایسے ہوتے ہیں جو انسان کو اندر سے جھنجھوڑ دیتے ہیں۔ چھوٹی چھوٹی بچیوں کے ساتھ جب کچھ غلط ہوتا دیکھتے ہیں تو روح کانپ اٹھتی ہے۔ مختلف واقعات کے بارے میں سن کر یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ ہمارے معاشرے کو آخر کیا ہوگیا ہے۔

’خواتین غلام نہیں، ان کا بھی اپنا وقار ہے‘

مردانہ ذہنیت کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ گھر کے تمام کاموں کی ذمہ داری بہو پر ڈال دی جاتی ہے۔ آخر ہم اس کے ساتھ بیٹی جیسا سلوک کیوں نہیں کرسکتے؟ ہم سب کو مردانہ بالادستی پر مبنی ذہنیت بدلنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین غلام نہیں ہیں، ان کا بھی اپنا وقار اور خوداحترامی ہے۔ وہ بھی آسمان کی بلندیوں تک پرواز کرنا چاہتی ہیں۔ انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا موقع ملنا چاہیے۔ آخر ہر قدم پر ان کے لیے رکاوٹیں کیوں کھڑی کی جاتی ہیں؟ چوہان نے کہا کہ خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم میں نشہ ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کئی مقامات پر خواتین نے شراب کی دکانیں بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیر پی ایم کا عزم

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے معاشرے کی ذہنیت بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، تاکہ خواتین کو ان کے حقوق مل سکیں۔ یہ سب وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر تشدد کے واقعات پیش آتے ہیں، جو تشویش کا باعث ہیں۔ آج تین محکموں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے ہیں۔ مزید 12 محکمے بھی اس کوشش میں شامل ہیں، جو مل کر ایڈوائزری جاری کررہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا عزم ہے کہ ملک کو نشہ سے پاک بنایا جائے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read