Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Gifts to Foreign Dignitries: لاسٹ ویکس کے مجسمے سے گلابی کوارٹز کے ہاتھی تک، پی ایم مودی نے منیلا میں پیش کیے ہندوستانی فن کے انمول تحائف

وزیر اعظم نریندر مودی نے منیلا میں منعقدہ سفارتی ملاقاتوں کے دوران مختلف ممالک کے رہنماؤں کو ہندوستان کے روایتی فن اور دستکاری سے وابستہ خصوصی تحائف پیش کیے۔ ان تحائف میں کہیں جنوبی ہندوستان کے صدیوں پرانے چولا کانسے کے فن کی جھلک نظر آئی تو کہیں راجستھان کے گلابی کوارٹز سے تراشا گیا ہاتھی توجہ کا مرکز بنا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منیلا میں منعقدہ سفارتی ملاقاتوں کے دوران مختلف ممالک کے رہنماؤں کو ہندوستان کے روایتی فن اور دستکاری سے وابستہ خصوصی تحائف پیش کیے۔ ان تحائف میں کہیں جنوبی ہندوستان کے صدیوں پرانے چولا کانسے کے فن کی جھلک نظر آئی تو کہیں راجستھان کے گلابی کوارٹز سے تراشا گیا ہاتھی توجہ کا مرکز بنا۔ گجرات کی نایاب روگن پینٹنگ، کرناٹک کے بِدری فن اور وسطی ہندوستان کی گونڈ مصوری کے ذریعے بھی دنیا کو ہندوستان کے ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا گیا۔

انڈونیشیا کے صدر کو چولا کانسے کا مجسمہ

خود کو وزیر اعظم مودی کا بڑا مداح بتانے والے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو چولا کانسے کا مجسمہ پیش کیا گیا۔ جنوبی ہندوستان میں نویں سے تیرہویں صدی کے درمیان چولا سلطنت کے دورِ حکومت میں اس فن کو خاصی ترقی حاصل ہوئی تھی۔ یہ مجسمے روایتی ’’مدھوچھشٹ ودھان‘‘ یعنی لاسٹ ویکس تکنیک کے ذریعے تیار کیے جاتے ہیں۔ ان مجسموں میں جسمانی تناسب، تاثرات اور زیورات کی انتہائی باریک عکاسی دیکھنے کو ملتی ہے۔ یہ تمل ناڈو کے ثقافتی ورثے اور ہندوستان کے قدیم دھات سازی کے فن کی نمائندگی کرتے ہیں۔

لاؤس کے وزیر اعظم کو گلابی کوارٹز کا ہاتھی

لاؤس کے وزیر اعظم سلیومکسی کومسیتھ کو گلابی روز کوارٹز پتھر سے تیار کردہ سنہری آرائش والے ہاتھی کا مجسمہ پیش کیا گیا۔ راجستھان، خاص طور پر جے پور کے پتھر تراشنے والے دستکاروں کی روایت سے وابستہ اس فن پارے میں قدرتی گلابی کوارٹز کو تراش کر چمک دار شکل دی جاتی ہے۔ اس پر سنہری نقش و نگار اور پھولوں کے روایتی ڈیزائن بنائے جاتے ہیں۔ ہندوستانی روایت میں ہاتھی طاقت، ذہانت، وقار اور شاہانہ عظمت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ملیشیا کے پی ایم کو چاندی کی نقش کاری سے مزین اُرلی

آسیان میں ملیشیا کی بھی نمائندگی تھی۔ وزیر اعظم انور ابراہیم کو چاندی کی نقش کاری سے مزین اُرلی پیش کی گئی۔ یہ ہندوستان کا ایک روایتی آرائشی برتن ہے، جسے عام طور پر پانی اور تیرتے ہوئے پھولوں سے سجایا جاتا ہے۔ ہندوستانی روایت میں اُرلی کو پاکیزگی، خوش حالی، مہمان نوازی اور ہم آہنگی سے جوڑا جاتا ہے۔ اس کی خوبصورت ساخت اور چاندی کی آرائش افادیت اور فن کاری کا منفرد امتزاج پیش کرتی ہے۔

سنگاپور کے وزیر اعظم کو گونڈ مصوری کا فن پارہ

گونڈ مسوری کا ایک فن پارہ سنگاپور کے وزیر اعظم لارنس وونگ کو پیش کیا گیا۔ وسطی ہندوستان کی گونڈ قبائلی برادریوں سے وابستہ یہ لوک فن مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے بعض علاقوں میں رائج ہے۔ اس میں درختوں، پودوں، جانوروں، پرندوں اور قدرتی مناظر کو نقطوں، لکیروں اور شوخ رنگوں کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے۔ یہ فن گونڈ برادری کے فطرت سے گہرے تعلق اور اس کے ثقافتی عقائد کی عکاسی کرتا ہے۔

تھائی لینڈ کے پی ایم کو گجرات کی نایاب روگن پینٹنگ

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم انوتین چرنویراکول کو گجرات کے کچھ علاقے کی نایاب روگن آرٹ پینٹنگ پیش کی گئی۔ اس فن کو کچھ کے گاؤں نیرونا میں دستکاروں کے چند مخصوص خاندان نسل در نسل محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔ اس میں ارنڈی کے تیل کو ابال کر تیار کیے گئے گاڑھے رنگ میں قدرتی رنگ دار مادے ملائے جاتے ہیں۔ اس کے بعد دھات کی باریک سلاخ کے ذریعے کپڑے پر ہاتھ سے نفیس ڈیزائن بنائے جاتے ہیں۔ کپڑے کو تہہ کرکے دوسری جانب بھی اسی ڈیزائن کی یکساں شکل تیار کرنے کا طریقہ اس فن کو منفرد بناتا ہے۔

تیمور لیستے کے پی ایم کو کھمبھاٹ کے عقیق پتھر کا پیالہ

تیمور لیستے کے وزیر اعظم جانانا گسماؤ کو گجرات کے کھمبھاٹ کے مشہور عقیق پتھر سے تیار کردہ پیالہ پیش کیا گیا۔ عقیق ایک نیم قیمتی پتھر ہے، جس میں قدرتی دھاریاں اور مختلف رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ کھمبھاٹ صدیوں سے عقیق پتھر کی تراش خراش اور تیاری کا اہم مرکز رہا ہے۔ اس دستکاری کو 2017 میں جغرافیائی شناخت (جی آئی) ٹیگ ملا تھا، جب کہ 2023 میں آنند ضلع کے ’’ون ڈسٹرکٹ ون پروڈکٹ‘‘ پروگرام میں عقیق سے بنی مصنوعات کو بھی شامل کیا گیا۔

ویتنام کے پی ایم کو چمڑے سے تیار کردہ دیواری فن پارہ

ویتنام کے وزیر اعظم لی من ہنگ کو ہندوستان کے روایتی چمڑے سے تیار کردہ دیوار پر سجانے والا فن پارہ پیش کیا گیا۔ اس میں چمڑے کو ایک خاص طریقے سے تیار کرکے اس پر سوراخ دار نقش کاری، ابھری ہوئی کندہ کاری اور رنگوں کے ذریعے پھولوں، ہندسی اشکال اور جنگلی جانوروں کی تصویریں بنائی جاتی ہیں۔ یہ فن پارہ دیہی دستکاری کی روایات اور نسل در نسل منتقل ہونے والے دستکاروں کے ہنر کو نمایاں کرتا ہے۔

برونائی کے سلطان کو بِدری فن کا چاندی سے مزین گلدان

برونائی کے سلطان حسن البلقیہ کو کرناٹک کے بیدر کے مشہور بِدری فن سے تیار کردہ چاندی کی نقش کاری والا گلدان پیش کیا گیا۔ زنک اور تانبے کے مرکب سے بنے اس دھاتی فن پارے پر خالص چاندی کی باریک جڑائی کی جاتی ہے۔ اس کی گہری سیاہ سطح اور چمک دار چاندی کی نقش کاری اسے منفرد شناخت عطا کرتی ہے۔ اس پر بنے پھولوں اور ہندسی ڈیزائنوں میں بیدر قلعے کے طرزِ تعمیر کی جھلک نظر آتی ہے۔ بِدری دستکاری کو جغرافیائی شناخت (جی آئی) ٹیگ بھی حاصل ہے۔ میانمار کو بھی اسی روایتی فن سے تیار کردہ چاندی کی نقش کاری والا گلدان پیش کیا گیا۔

کمبوڈیا کو ڈھوکرا فن سے تیار کردہ کشتی کا مجسمہ

کمبوڈیا کو ڈھوکرا فن سے تیار کردہ کشتی کا ایک فن پارہ پیش کیا گیا۔ یہ قدیم ہندوستانی دھاتی دستکاری تقریباً چار ہزار سال پرانی لاسٹ ویکس تکنیک پر مبنی ہے۔ اس میں پہلے موم سے مجسمے کی شکل تیار کی جاتی ہے اور پھر دھات کی ڈھلائی کے ذریعے اسے آخری شکل دی جاتی ہے۔ کشتی میں بیٹھے لوگوں اور پرندوں کے مجسمے اجتماعی زندگی، فطرت کے ساتھ ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کا پیغام دیتے ہیں۔

ہندوستانی فنون کو سفارتی تعلقات سے جوڑنے کی کوشش

ان تحائف کے ذریعے وزیر اعظم مودی نے ہندوستان کے مختلف علاقوں کے روایتی فنون کو بین الاقوامی سفارت کاری سے جوڑنے کی کوشش کی۔ ہر تحفے کے ساتھ کسی علاقے کی تاریخ، وہاں کے دستکاروں کی نسلوں کی محنت اور مقامی ثقافت کی شناخت بھی وابستہ ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب وزیر اعظم نے ہندوستانی سرزمین اور ثقافت سے جڑے تحائف پیش کیے ہوں۔ اس سے قبل بھی جب کسی ملک کے سربراہِ مملکت یا سربراہِ حکومت نے ہندوستان کا دورہ کیا، یا وزیر اعظم غیر ملکی دورے پر گئے، تو انہوں نے ایسے تحائف پیش کیے جن کے پیچھے کوئی خاص معنی یا انسانی محنت اور ہنر کی کہانی پوشیدہ تھی۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read