نئی دہلی: آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں ادارے کے نئے ڈائرکٹر شری شریانش موہن (IRS,C & IT) کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا گیا۔ نومنتخب ڈائرکٹر نے کونسل کے تمام افسران و دیگر عملے سے ملاقات اور تعارفی گفتگو کی۔ اس موقعے پر انھوں نے اپنا تعارف بھی پیش کیا اور کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے موجودہ کئی ذمہ داریوں کے ساتھ قومی اردو کونسل کی ذمہ داری بھی مجھے تفویض کی گئی ہے۔ میں اس ذمہ داری کو بحسن و خوبی نبھانے کے لیے پرعزم ہوں اور ادارے کے تمام اراکین سے بھی یہی توقع کرتا ہوں کہ وہ محنت اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے کونسل کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ اس موقعے پر میں آپ سب سے یہی کہنا چاہوں گا کہ خوش رہیں کیونکہ ایک خوش انسان ہی ایک خوشگوار معاشرے کی تشکیل کرتا ہے۔ نیز اپنی توانائی کو ملک اور ادارے کے لیے تعمیری کاموں میں صرف کریں۔ انھوں نے ٹیم ورک کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مجروح سلطانپوری کا یہ شعر بھی پڑھا:
میں اکیلا ہی چلا تھا جانب منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا
ہندوستانی زبانوں اور ادب سے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اردو اپنی تہذیب، شیرینی اور ادبی ورثے کی گراں قدر روایت کے باعث ایک اہم زبان ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے تناظر میں اردو کی ترقی اور نئی نسل کو اس زبان سے جوڑنے کے لیے نئے مواقع اور امکانات تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کونسل کی مختلف تعلیمی، ادبی اور تربیتی اسکیموں کو مزید مؤثر بنانے اور ان کی وسیع پیمانے پر تشہیر پر زور دیا اورکہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سوشل میڈیا اور جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال سے اردو زبان کو نوجوانوں، طلبہ اور عام لوگوں تک پہنچایا جانا چاہیے۔ اس کے ساتھ اردو کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور روزگار سے وابستہ سرگرمیوں سے جوڑنے کے لیے بھی بامعنی اقدامات کیے جانے چاہیے۔
بین الاقوامی تناظر میں انہوں نے برکس جیسے عالمی پلیٹ فارمز اور تقاریب میں ہندوستانی زبانوں اور ادب کی موجودگی بڑھانے کے امکانات کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایسے عالمی پلیٹ فارمزہندوستان کی کثیرلسانی اورتہذیبی وراثت کو بین الاقوامی سطح پرپیش کرنے کے اہم مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اردو ادب، تراجم اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے بھی اس ورثے کوعالمی سطح پرمتعارف کرانے اوراردوکوبین الاقوامی شناخت دلانے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کونسل کی سرگرمیوں اور اسکیموں کے فوائد ملک کے زیادہ سے زیادہ علاقوں تک پہنچنے چاہئیں اوراردوزبان کو عام لوگوں، بالخصوص نوجوانوں میں مقبول بنانے کے لیے نئے اورتخلیق طریقے اختیار کیے جانے چاہیے۔ استقبالیہ تقریب کے اس موقع پر قومی اردو کونسل کے اسسٹنٹ ڈائرکٹرز، افسران و دیگر اراکین موجود رہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

