نئی دہلی: دیوالی کے موقع پردہلی-این سی آرمیں پٹاخے جلانے کے معاملے میں سپریم کورٹ نے بڑی راحت دی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے مقررہ شرائط کے ساتھ تصدیق شدہ گرین پٹاخے جلانے کی دودن کے لیے اجازت دے دی ہے، تاہم یہ چھوٹ محدود وقت کے لیے ہوگی۔ 7 اور8 نومبرکوگرین پٹاخے جلائے جا سکیں گے، جبکہ 9 نومبرسے دہلی-این سی آرمیں پٹاخوں پرعائد مکمل پابندی دوبارہ نافذ ہو جائے گی۔ سپریم کورٹ نے یہ چھوٹ خطے میں فضائی آلودگی کی صورتحال اوردیوالی کے دوران لوگوں کی روایات کے درمیان توازن قائم رکھنے کے مقصد سے دی ہے۔
صرف مقررہ اوقات میں پٹاخے جلانے کی اجازت
جسٹس ایم ایم سندریش اورجسٹس پرسنّا بی ورالے کی بنچ نے 29 اکتوبر کے اپنے حکم میں محدود مدت کے لیے صرف تصدیق شدہ گرین پٹاخوں کی تیاری، فروخت اوراستعمال کی اجازت دی ہے۔ 7 اور8 نومبر2026 کوصبح 6 بجے سے 7 بجے تک اوررات 8 بجے سے 10 بجے تک ہی پٹاخے جلائے جا سکیں گے۔ اسپتالوں، نرسنگ ہوم، صحت مراکز، اولڈ ایج ہوم، تعلیمی اداروں اورنوٹیفائیڈ خاموش علاقوں کے 300 میٹرکے دائرے میں پٹاخے جلانے پر پابندی رہے گی۔ ان علاقوں کونو-کریکرزون قراردیا جائے گا۔
صرف تصدیق شدہ گرین پٹاخوں کو چھوٹ
سپریم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ یہ اجازت صرف تصدیق شدہ گرین پٹاخوں کے لیے ہوگی۔ عام پٹاخوں کو اس چھوٹ کا فائدہ نہیں ملے گا۔ 9 نومبر سے پٹاخوں پر مکمل پابندی بحال ہونے کے بعد ان کی تیاری، ذخیرہ کرنے، فروخت، تقسیم اور استعمال پر پہلے کی طرح پابندی عائد رہے گی۔ گرین پٹاخے ایسے پٹاخے ہوتے ہیں جنہیں روایتی پٹاخوں کے مقابلے میں کم آلودگی پھیلانے کے مقصد سے تیار کیا جاتا ہے۔ ان میں نقصان دہ کیمیکلز کا استعمال کم یا محدود کیا جاتا ہے۔ تاہم، گرین پٹاخے بھی آلودگی پھیلاتے ہیں، اس لیے ان کے استعمال پر بھی مقررہ شرائط لاگو ہوں گی۔
سپریم کورٹ پہلے بھی چھوٹ کے امکان کا کرچکی ہے اظہار
اس سے پہلے 30 ستمبرکوسپریم کورٹ نے دہلی-این سی آر میں پٹاخوں پرمکمل پابندی عائد کرنے کے بجائے دیوالی کے دوران محدود وقت کے لیے اجازت دینے کے امکان پر غور کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ لوگوں کے مذہبی اورثقافتی جذبات کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ پٹاخے جلانے کی اجازت پورے دن کے لیے نہیں دی جا سکتی اور اس کے لیے وقت اور پٹاخوں کی قسم کا تعین ضروری ہوگا۔ اب سپریم کورٹ نے دیوالی کے موقع پردودن کے لیے تصدیق شدہ گرین پٹاخوں کے استعمال کی اجازت دی ہے، جبکہ 9 نومبر سے مکمل پابندی دوبارہ نافذ کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

