گلاسگو: ہندوستان کی اسٹار ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے اتوار کو گلاسگو میں جاری دولت مشترکہ کھیلوں 2026 میں خواتین کے 48 کلوگرام وزن کے زمرے میں طلائی تمغہ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ یہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ان کا مسلسل تیسرا طلائی تمغہ ہے۔ میرابائی چانو نے اسنیچ اور کلین اینڈ جرک میں مجموعی طور پر 190 کلوگرام وزن اٹھایا اور دوسرے نمبر پر رہنے والی نائجیریا کی روتھ نیونگ کو 22 کلوگرام کے بڑے فرق سے شکست دی۔
اسنیچ اور کلین اینڈ جرک میں نیا دولت مشترکہ ریکارڈ
چانو نے اسنیچ کے پہلے 82 کلوگرام کے اپنے ابتدائی وار میں ناکامی کے بعد دوسری کوشش میں یہی وزن کامیابی سے اٹھایا۔ اپنی تیسری اور آخری کوشش میں انہوں نے 85 کلوگرام وزن اٹھا کر نیا گیمز اور دولت مشترکہ ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے بعد میرابائی چانو نے کلین اینڈ جرک میں 105 کلوگرام وزن اٹھایا، جس کے ساتھ ہی انہوں نے اس مقابلے میں بھی نیا گیمز ریکارڈ قائم کیا۔ ان کا 85 کلوگرام کا اسنیچ چیمپئن شپ ریکارڈ بھی ہے، جبکہ 190 کلوگرام کا مجموعی وزن بھی دولتِ مشترکہ کھیلوں کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
مسلسل تیسری بار طلائی تمغہ
یہ دولتِ مشترکہ کھیلوں میں میرابائی چانو کا مسلسل تیسرا طلائی تمغہ ہے۔ انہوں نے 2018 کے گولڈ کوسٹ کھیلوں میں 48 کلوگرام زمرے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا، جبکہ 2022 کے برمنگھم کھیلوں میں 49 کلوگرام زمرے میں بھی وہ طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ میرابائی چانو کی اس شاندار کامیابی کے ساتھ گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں 2026 میں ہندوستان نے اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل چنمبم رشی کانت سنگھ نے دولت مشترکہ کھیلوں 2026 کے مردوں کے 60 کلوگرام ویٹ لفٹنگ مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے اسنیچ میں ریکارڈ توڑ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہیں پیرا پاور لفٹنگ میں جھنڈو کمار نے کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ رشی کانت نے مجموعی طور پر 264 کلوگرام وزن اٹھایا جس میں اسنیچ میں 121 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 143 کلوگرام شامل ہیں۔ ملیشیا کے محمد انیق کاسدان نے 273 کلوگرام کے دولت مشترکہ کھیلوں کے ریکارڈ مجموعی اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے اسنیچ میں 121 اور کلین اینڈ جرک میں 152 کلوگرام وزن اٹھایا۔ کینیا کے جوشوا مبویا نے 260 کلوگرام کے ساتھ کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

