Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Jalandhar Rally: ہرے رنگ کی پگڑی پہن کرپنجاب پہنچے وزیراعظم مودی، جالندھر کی سرزمین پر دکھایا خاص انداز

وزیراعظم مودی نے پنجاب کی موجودہ صورت حال پربھی ریاستی حکومت کوتنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں امن وامان کی حالت تشویش ناک ہے اور گینگ وار، بھتہ خوری اور جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تشویش نوجوان نسل سے متعلق ہے، کیونکہ منشیات کی اسمگلنگ پنجاب کے مستقبل کو متاثر کر رہی ہے۔

وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کے روزپنجاب کے جالندھرمیں ایک بڑی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی ترقی، ریلوے کے جدید کاری منصوبوں، مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیموں اورپنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتفصیل سے اظہارخیال کیا۔ انہوں نے اپنی تقریرکا آغازپنجابی زبان میں کیا اورکہا کہ گروؤں اوربہادروں کی سرزمین پنجاب پرآکرانہیں فخر محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے پنجابی اندازمیں عوام کا حال چال بھی دریافت کیا اورکہا کہ آج جالندھرترقی کے ایک بڑے جشن کا گواہ بن رہا ہے۔

وزیراعظم مودی نے اپنے دورے کے دوران ریلوے کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا خاص طورپرذکرکیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہریانہ کے جیند میں ملک کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کوہری جھنڈی دکھائی گئی، جبکہ آج جالندھرسے امرتسر(چہہرٹا) کے راستے وارانسی تک ‘سنت روی داس ایکسپریس’ کا آغازکیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، اس ٹرین سے گرو روی داس کے عقیدت مندوں اورزائرین (شردھالووں) کووارانسی جانے میں بڑی سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک بھرمیں ریلوے کوجدید بنانے کے مشن پرکام کررہی ہے۔ ان کے مطابق، 1300 ریلوے اسٹیشنوں کی ازسرنوترقی کی جا رہی ہے اوراسی سلسلے میں جمعہ کو75 جدید طرزپرتعمیرکئے گئے ریلوے اسٹیشنوں کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں نے جالندھرکینٹ ریلوے اسٹیشن کو”نئے بھارت کی تصویر” قراردیتے ہوئے کہا کہ مکتسر، شری آنند پور صاحب اورموہالی کے ریلوے اسٹیشنوں کی بھی جدید خطوط پرتعمیرنوکی گئی ہے۔ اس موقع پروزیراعظم نے تقریباً 5,470 کروڑروپئے مالیت کے ریل اورسڑک کے متعدد منصوبوں کا افتتاح اورسنگ بنیاد بھی رکھا۔

وزیراعظم مودی نے کانگریس پرکی سخت تنقید

اپنی تقریرمیں وزیراعظم نے کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے پہلے ملک کے ریلوے نظام کی حالت سب کے سامنے تھی۔ ان کے مطابق سابقہ حکومتیں صرف نئی ٹرینوں کے اعلانات کرتی تھیں، لیکن ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی اورمسافروں کی سہولت پرخاطرخواہ توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں جوتبدیلیاں آج نظرآرہی ہیں، وہ کئی برس پہلے شروع ہوجانی چاہئے تھیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ موجودہ حکومت مسافروں کی سہولت اوربنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے تیزی سے کام کررہی ہے۔

پنجاب کی قانون وانتظام کی صورت حال پرسوال

وزیراعظم مودی نے پنجاب کی موجودہ صورت حال پربھی ریاستی حکومت کوتنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں امن وامان کی حالت تشویش ناک ہے اورگینگ وار، بھتہ خوری اورجرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ تشویش نوجوان نسل سے متعلق ہے، کیونکہ منشیات کی اسمگلنگ پنجاب کے مستقبل کومتاثرکررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جولوگ سیاست میں تبدیلی کے بڑے دعوے کرتے تھے، آج عوام ان کی کارکردگی دیکھ رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کا نام لیے بغیرانہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے معاملات نے اس کی شبیہ کونقصان پہنچایا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ پنجاب حکومت کے کئی لیڈران پرکرپشن کے الزامات لگے اورایک وزیرکواپنے عہدے سے بھی ہٹانا پڑا۔

پنجاب کی ترقی اورمرکزی اسکیموں کا ذکر

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ تقریباً 12 برسوں کے دوران مرکزنے پنجاب کی ترقی کے لیے بڑے پیمانے پرمالی وسائل فراہم کیے، لیکن ریاستی حکومت ان وسائل کا صحیح استعمال نہیں کر سکی اورقرضوں کے سہارے کام چلا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کئی مواقع پرریاستی حکومت مرکزی حکومت کی اسکیموں کا کریڈٹ لینے کے لیے صرف اپنا نام شامل کردیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تیزرفتارترقی اسی وقت ممکن ہے، جب ریاست اورمرکزمیں یکساں سوچ رکھنے والی حکومتیں ہوں۔

کسانوں اورنوجوانوں کا بھی کیا ذکر

وزیراعظم مودی نے ہریانہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں بی جے پی حکومت 24 فصلوں پرایم ایس پی فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزپنجاب کے کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھی مسلسل کام کررہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کھیلوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جالندھرکھیلوں کے میدان میں اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کوترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت پوری طرح پُرعزم ہے۔ اس دوران انہوں نے شرومنی اکالی دل پربھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اس وقت اپنے اندرونی معاملات میں الجھی ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں تبدیلی لانے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کومضبوط کرنا ضروری ہے۔

ریلی میں کئی اہم لیڈران کی شرکت

جلسے کے دوران وزیراعظم مودی سبزرنگ کی پگڑی میں نظرآئے۔ اس موقع پرسابق کرکٹراورراجیہ سبھا رکن ہربھجن سنگھ، رکن پارلیمنٹ اشوک متل، حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے رکن پارلیمنٹ راجندرگپتا، مرکزی وزیرریلوے اشونی ویشنو، وزیرمملکت برائے ریلوے رونیت سنگھ بٹو، پنجاب بی جے پی کے صدرکیول سنگھ ڈھلوں سمیت متعدد سینئرلیڈران  موجود تھے۔ بی جے پی 2027 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کومدنظررکھتے ہوئے ریاست میں اپنی سیاسی بنیاد مضبوط کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ فروری میں ڈیرہ سچ کھنڈ بلّاں کے دورے کے بعد وزیراعظم مودی کا جالندھرکا یہ دوسرا دورہ تھا۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read