بھارتی محکمۂ موسمیات (IMD) کے تازہ موسمی بلیٹن کے مطابق خلیجِ بنگال میں بننے والا کم دباؤ کا طاقتور نظام آئندہ 48 سے 60 گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی حصوں میں مانسون کو دوبارہ سرگرم کر سکتا ہے۔ محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران متعدد ریاستوں میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی، آسمانی بجلی، اچانک سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اترپردیش کے 16 اضلاع میں آندھی ۔ بارش کا ڈبل اٹیک
اتر پردیش میں پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، سیتاپور، بہرائچ، ہردوئی، شاہجہاں پور، بارہ بنکی، لکھنؤ، رائے بریلی، کانپور، ایٹاوہ، جالون، باندا، آگرہ، اوریا اور ہمیراپور سمیت 16 اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پریاگ راج اور آس پاس کے علاقوں میں 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بہار کے ارریہ اور کشن گنج میں انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سمستی پور، ویشالی، دربھنگہ، کٹیہار اور دیگر اضلاع میں دریاؤں کے پانی کی سطح بڑھنے سے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
دہلی –این سی آر میں حبس کا خوفناک ٹارچر
دوسری جانب دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں وسیع پیمانے پر بارش کے امکانات کم ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق یہاں بادلوں کی آمدورفت تو جاری رہے گی، تاہم حبس اور گرمی سے فوری راحت ملنے کی توقع نہیں ہے۔
راجستھان میں بھی جنوب مغربی مانسون کمزور بنا ہوا ہے۔ آئندہ ایک ہفتے تک جے پور اور جودھ پور میں اچھی بارش کے امکانات محدود ہیں، جبکہ بیکانیر، چورو اور شری گنگا نگر میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرد آلود آندھی چل سکتی ہے۔
خلیجِ بنگال کے اثرات زیادہ نمایاں رہنے کی توقع
مغربی بنگال میں خلیجِ بنگال کے اثرات زیادہ نمایاں رہنے کی توقع ہے۔ علی پور موسمی مرکز نے کولکاتا سمیت جنوبی بنگال کے کئی اضلاع کے لیے یلو وارننگ جاری کرتے ہوئے شدید بارش اور تقریباً 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
مدھیہ پردیش کے اندور، اجین، چھندواڑہ، سیونی، بالاگھاٹ، منڈلا اور دیگر 17 اضلاع میں بھی شدید سے انتہائی شدید بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ بھوپال اور ساگر میں موسم نسبتاً صاف رہنے کی پیش گوئی ہے۔
پہاڑوں پر منڈرایا لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ
اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے کئی پہاڑی اضلاع، جن میں نینی تال، رودر پریاگ، چمولی، شملہ اور کانگڑا شامل ہیں، وہاں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ چار دھام یاترا پر جانے والے عقیدت مندوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسی دوران آسام، اروناچل پردیش اور میگھالیہ میں مسلسل بارش کے باعث کئی دریا پہلے ہی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں آنے والے دنوں میں سیلاب، سڑک رابطوں کی معطلی اور لاکھوں افراد کے متاثر ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

