Urdu Conclave 2026

Delhi-NCR Weather: دہلی۔این سی آر میں مسلسل بارش سے صدر بازار زیرآب، گھٹنوں تک آیا پانی، آبی جماؤ سے نمٹنے میں انتظامیہ ناکام

پانی بھرنے سے ناراض دکانداروں نے دہلی حکومت اور میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور انتظامیہ سے جواب طلب کیا۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہر سال مانسون کے دوران یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے، لیکن اس کے باوجود مستقل حل کی جانب کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا جاتا۔

دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری مسلسل بارش نے حکومت اور شہری انتظامیہ کے مانسون سے نمٹنے کے دعووں کی حقیقت آشکار کردی۔ ایشیا کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ صدر بازار شدید آبی جماؤ کی زد میں آ گئی، جہاں دوپہر ایک سے دو بجے کے درمیان صورتحال انتہائی خراب رہی اور سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی جمع ہو گیا۔ شدید آبی جماؤ کے باعث پیدل چلنے والوں کو جوتے ہاتھ میں لے کر سڑک عبور کرنا پڑی، جبکہ اسکول سے واپس آنے والے بچے بھی پانی میں پھنس گئے۔ کئی گاڑیاں اور دوپہیہ گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد افراد کو اپنی موٹر سائیکلیں دھکا لگا کر پانی سے نکالنی پڑیں۔

پانی بھرنے سے ناراض دکانداروں نے دہلی حکومت اور میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور انتظامیہ سے جواب طلب کیا۔ دکانداروں کا کہنا تھا کہ ہر سال مانسون کے دوران یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے، لیکن اس کے باوجود مستقل حل کی جانب کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ مقامی لوگوں کے مطابق بعض مقامات پر سڑکوں پر کچرا پھینکے جانے اور نالیاں بند ہونے کے باعث بارش کا پانی بروقت خارج نہیں ہو سکا، جس سے آبی جمعاؤ کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔دہلی حکومت نے مانسون سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ سڑکوں کی مرمت، نالوں کی صفائی اور نکاسیٔ آب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس بار دارالحکومت میں پانی جمع ہونے کی شکایات نہیں ہوں گی۔ تاہم حالیہ بارش نے ان دعووں کو غلط ثابت کر دیا اور شہر کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی اور ملحقہ علاقوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں دوبارہ آبی جماؤ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔اگرچہ ایم سی ڈی اور دہلی حکومت متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی اور معمولات بحال کرنے کا دعویٰ کر رہی ہیں، تاہم حالیہ بارش نے مانسون سے قبل کیے گئے تمام انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے اور شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔