نئی دہلی : ملک بھر میں موسم ان دنوں تیزی سے کروٹیں بدل رہا ہے۔ کہیں بارش گرمی سے راحت پہنچا رہی ہے تو کہیں لوگ اب بھی مانسون کی آمد کے منتظر ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق جنوب مغربی مانسون کی پیش رفت اگرچہ معمول سے کچھ سست ہے، قابل ذکر بات یہ ہےکہ یہ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے اور ملک کے مزید علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔محکمہ موسمیات کی تازہ رپورٹ کے مطابق مانسون آندھرا پردیش، مغربی بنگال، تلنگانہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور بہار کے کئی نئے علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ دنوں کے دوران مہاراشٹر، کرناٹک اور چھتیس گڑھ کے باقی حصوں میں بھی بارش کے لیے سازگار حالات پیدا ہو جائیں گے۔دہلی-این سی آر کے لیے محکمہ موسمیات نے اہم وارننگ جاری کی ہے۔ پیر 16 جون کو دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ اگرچہ دن کے وقت گرمی اور حبس برقرار رہے گی، لیکن شام اور رات کے اوقات میں موسم اچانک تبدیل ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک نئے مغربی اضطراب (ویسٹرن ڈسٹربنس) کے فعال ہونے کے باعث دہلی، نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ اس کے ساتھ تیز آندھی چلنے کا بھی خدشہ ہے جس کی رفتار 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک رہ سکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں یہ رفتار 80 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔اس موسمی نظام کے اثرات صرف دہلی تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ہریانہ اور مغربی اتر پردیش کے کئی اضلاع بھی اس کی زد میں آئیں گے۔ ہریانہ کے کیتھل، کرنال، پانی پت، حصار، روہتک، سونی پت، بھیوانی، فتح آباد اور جیند میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
ادھر اتر پردیش کے شاملی، میرٹھ، باغپت، ہاپوڑ اور بلند شہر میں بھی گرد آلود آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دوسری جانب مدھیہ پردیش میں مانسون کی آمد قریب ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 18 یا 19 جون تک یہ ریاست میں داخل ہو جائے گا۔ جبکہ آسام، میگھالیہ اور شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اس کے برعکس مہاراشٹر کے ودربھ اور مراٹھواڑہ علاقوں میں شدید گرمی اور لو کی صورتحال برقرار ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




