نئی دہلی :مہاراشٹر کے ضلع سولاپور میں پیش آنے والےدلخراش جیپ حادثے پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اس حادثے میں ایک جیپ کے کنویں میں گر جانے سے آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ صدر مرمو نے اس واقعے کو “انتہائی افسوسناک” قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھنا کی۔راشٹرپتی بھون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مہاراشٹر کے سولاپور ضلع میں ایک گاڑی کے حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع نہایت دردناک ہے۔ صدر جمہوریہ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ(پی ایم این آر ایف) سے متاثرین کے اہل خانہ کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثے میں جان گنوانے والے ہر فرد کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ زخمیوں کو پچاس ہزار روپے کی امداد فراہم کی جائے گی۔وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سولاپور دیہی علاقے میں پیش آنے والے اس المناک حادثے سے وہ انتہائی غمزدہ ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے پرارتھناکی۔
یہ افسوسناک حادثہ اتوار کے روز سولاپور کے مالشیراس تعلقہ کے تندلواڑی گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک جیپ بے قابو ہو کر ایک کھیت میں موجود کنویں میں جا گری۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اندوبائی دشرتھ باوچے، پوجا امول ساتورے، پوجا بالاجی باوچے، اشونی سندیپ باوچے، سنسکار سندیپ باوچے، سنسکرتی سندیپ باوچے، آرو امول ستورے اور سمرتھ بالاجی باوچے کے طور پر کی گئی ہے۔مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تندلواڑی میں پیش آنے والا یہ واقعہ نہایت دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
فڑنویس نے بتایا کہ خوش قسمتی سے سات افراد کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا، جن کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے تھے اور ریاستی حکومت مسلسل مقامی انتظامیہ کے رابطے میں ہے۔وزیر اعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ ریاستی حکومت حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو پانچ لاکھ روپے فی کس مالی امداد فراہم کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

