Bharat Express DD Free Dish

APCR Expresses Condolence: خواجہ معز الدین ہٹ اینڈ رن حادثے میں جاں بحق، سینئر ایڈووکیٹ کے المناک انتقال پر اے پی سی آر کا اظہار تعزیت

اے پی سی آر سے وابستہ سینئر ایڈووکیٹ خواجہ معز الدین نامپلی / مساب ٹینک علاقے میں ایک مبینہ ہٹ اینڈ رن حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ ان کے اچانک انتقال پراے پی سی آر کے ذمہ داران نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

حیدرآباد، 23/مئی 2026: ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR)، تلنگانہ چیپٹر وابستہ سینئر ایڈووکیٹ خواجہ معز الدین اپنی رہائش گاہ کے قریب نامپلی / مساب ٹینک علاقے میں ایک مبینہ ہٹ اینڈ رن حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ا ن  کے المناک اور اچانک انتقال پر اے پی سی آر نے گہرے  صدمے اور شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔

خواجہ معز الدین کی موت کے حالات سنگین تشویش کا باعث

63 سالہ سینئر قانونی ماہر ایڈووکیٹ خواجہ معز الدین کی جانب سے سنبھالے جانے والے اہم قانونی معاملات، خصوصاً وقف املاک پر قبضوں سے متعلق عوامی مفاد کی عرضیوںاور حادثے میں ملوث گاڑی سے متعلق ابتدائی معلومات کے پیش نظر، ان کی موت کے حالات سنگین تشویش کا باعث ہیں۔

آزادانہ، منصفانہ اور جامع تحقیقات کا مطالبہ

اے پی سی آر تلنگانہ چیپٹر  نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ ’’تنظیم ، مرحوم ایڈووکیٹ خواجہ معز الدین کے اہلِ خانہ، ساتھی وکلاء اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ ساتھ ہی  اس افسوسناک واقعے کی سنگینی اور قانونی برادری میں پائی جانے والی تشویش کے پیش نظر APCR تلنگانہ، حیدرآباد سٹی پولیس اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور جامع تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔ واقعے کی ہر ممکنہ پہلو اور محرکات کے ساتھ شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ تمام حقائق بغیر کسی بیرونی دباؤ کے سامنے آسکیں۔‘‘

فوری انصاف فراہم کیا جائے

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی تعاون کے ذریعے ملوث گاڑی اور ذمہ دار افراد کی جلد شناخت اور گرفتاری کو یقینی بنائیں تاکہ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف مل سکے۔

قانونی پیشہ سے وابستہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے

اس کے ساتھ ہی بیان میں آگے کہا گیا کہ حساس قانونی معاملات اور عوامی مفاد کی عرضیوں پر کام کرنے والے وکلاء اور سماجی کارکنان کی حفاظت اور سلامتی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔APCR مرحوم ایڈووکیٹ خواجہ معز الدین کے خاندان اور قانونی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور قانون کی بالادستی اور جوابدہی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read