Bharat Express DD Free Dish

Bharat Taxi: ’بھارت ٹیکسی‘ کا مقصد ’سارتھی‘ کو کمپنی کے منافع کا مالک بنانا ہے: امت شاہ

کوآپریٹو ماڈل کے تحت ڈرائیور 500 روپے کے شیئر سے بنیں گے شراکت دار، تین برس میں ہر میونسپل کارپوریشن تک توسیع کا ہدف۔ امت شاہ نے کہا ہے کہ ’بھارت ٹیکسی‘ کا مقصد نہ صرف سارَتھیوں کی فلاح ہے بلکہ صارفین کے ساتھ بہتر برتاؤ کو بھی یقینی بنانا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ نے پیر کو کہا کہ ’بھارت ٹیکسی‘ محض ایک ٹیکسی اسکیم نہیں بلکہ ڈرائیور بھائیوں اور بہنوں کو عزت کے ساتھ ’سارتھی‘ بنانے کی پہل ہے، اور اس کا اصل مقصد انہیں کمپنی کے منافع میں حصہ دار اور مالک بنانا ہے۔ قومی دارالحکومت میں ’بھارت ٹیکسی‘ کے سارَتھیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے، منافع بھی اسی کو ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق اس ماڈل میں ٹیکسی کے اصل مالک سارَتھی ہی ہوں گے اور منافع میں ان کا باقاعدہ حصہ ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ تین برسوں میں ملک کی ہر میونسپل کارپوریشن میں ’بھارت ٹیکسی‘ کی موجودگی یقینی بنائی جائے گی۔

پانچ بڑی کوآپریٹو سوسائٹیوں کا اشتراک

امت شاہ نے بتایا کہ ’بھارت ٹیکسی‘ کو ملک کی پانچ بڑی کوآپریٹو تنظیموں کو ملا کر قائم کیا گیا ہے۔ جیسے جیسے سارَتھیوں کی تعداد بڑھے گی، جو بھی اس منصوبے میں شراکت دار بننا چاہے گا وہ 500 روپے کا شیئر خرید کر ملکیتی حق حاصل کر سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ’بھارت ٹیکسی‘ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے انتخابات ہوں گے تو اس میں کچھ نشستیں سارَتھیوں کے لیے مخصوص رکھی جائیں گی، تاکہ وہ خود اپنے مفادات کا تحفظ کر سکیں۔

منافع کی تقسیم کا فارمولہ

امت شاہ نے ’بھارت ٹیکسی‘ کو ایک کوآپریٹو تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجموعی آمدنی کا 20 فیصد حصہ کمپنی کے اکاؤنٹ میں سارَتھیوں کی سرمایہ کاری کے طور پر جمع ہوگا، جبکہ 80 فیصد رقم ٹیکسی کے چلنے والے کلومیٹر کے حساب سے براہِ راست سارَتھیوں کے اکاؤنٹس میں واپس کی جائے گی۔ ان کے مطابق ابتدائی تین برس منصوبے کی توسیع میں صرف ہوں گے، اس کے بعد ہونے والے منافع کا بھی 20 فیصد کمپنی میں برقرار رکھا جائے گا اور 80 فیصد سارَتھیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

شفافیت اور کم از کم کرایہ کی بنیاد

وزیر داخلہ نے کہا کہ ’بھارت ٹیکسی‘ میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں ہوگی اور ہر اطلاع نوٹیفکیشن کے ذریعے سارَتھیوں تک پہنچائی جائے گی، تاکہ یہ دنیا کی سب سے شفاف کیب سروس بن سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس اسکیم میں کم از کم قابلِ عمل شرح (مینیمم وائبلیٹی) کے تحت فی کلومیٹر کرایہ کی بنیادی حد مقرر کی جائے گی۔ آٹو کی قیمت، پٹرول کی کھپت اور کم از کم منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بیس ریٹ طے کیا جائے گا، جس سے کم پر سروس فراہم نہیں کی جائے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ ’بھارت ٹیکسی‘ کا مقصد نہ صرف سارَتھیوں کی فلاح ہے بلکہ صارفین کے ساتھ بہتر برتاؤ کو بھی یقینی بنانا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read