نئی دہلی : دہلی –این سی آر زہریلی ہوا کی وجہ سے لوگوں کو آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دہلی –این سی آر میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں کوئی خاص بہتری دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق ہفتہ کی صبح قومی دارالحکومت میں ہوا کا معیار خراب درجے میں برقرار رہا۔ صبح تقریباً 7 بجے دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 271 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے۔ سی پی سی بی کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے مختلف مانیٹرنگ اسٹیشنوں پر اے کیو آئی کی سطح خراب سے بہت خراب کے درمیان رہی۔ اشوک وہار میں اے کیو آئی 309 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ باوانا میں یہ 271 اور براری میں 246 رہا۔ چاندنی چوک میں 285، آئی ٹی او میں 279 اور دوارکا سیکٹر 8 میں 329 درج کیا گیا۔ منڈکا اور وزیرپور میں آلودگی کی سطح مزید تشویشناک رہی، جہاں دونوں مقامات پر اے کیو آئی 331 ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح اوکھلا فیز-2 میں 323، روہنی میں 312، پنجابی باغ میں 318 اور آر کے پورم میں 322 درج کیا گیا۔ نسبتاً کم ریڈنگ نریلا میں 232 اور علی پور میں 227 ریکارڈ کی گئی،قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ بھی خراب درجے میں ہی شمار ہوتی ہے۔
سی پی سی بی کے مطابق اے کیو آئی کی درجہ بندی کے تحت 0 سے 50 تک کی سطح کو اچھا، 51 سے 100 تک تسلی بخش، 101 سے 200 تک درمیانہ، 201 سے 300 تک خراب، 301 سے 400 تک بہت خراب اور 401 سے 500 تک سنگین مانا جاتا ہے۔ موجودہ صورتحال میں دہلی کے بیشتر علاقے خراب اور بہت خراب زمرے میں شامل ہیں، جس سے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اطلاع دی ہے کہ شمالی اور وسطی بھارت کے کئی ہوائی اڈوں پر مختلف درجے کا کہرا دیکھا گیا۔ صبح 6 بجے سے 6:30 بجے کے درمیان بہت گھنے سے لے کر ہلکے کہرے کی صورتحال رہی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق کئی مقامات پر بہت گھنا کہرا چھایا رہا، جس کی وجہ سے حدِ نگاہ 50 میٹر سے بھی کم ہو گئی۔
ہریانہ کے امبالا اور اتر پردیش کے آگرہ، بریلی، سیفئی اور ہنڈن کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش کے گوالیار میں حدِ نگاہ صفر ریکارڈ کی گئی، جنہیں بہت گھنے کہرے کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ گھنے کہرے کی کیٹیگری میں وارانسی اور لکھنؤ میں حدِ نگاہ 50 میٹر اور پریاگ راج میں 100 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آسام کے جورہاٹ میں ہلکا کوہرا دیکھا گیا جہاں حدِ نگاہ 200 میٹر رہی، جب کہ مغربی بنگال کے باگڈوگرا میں یہ 400 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب اور بہار کے کچھ ہوائی اڈوں پر بھی ہلکے کوہرے کے باعث حدِ نگاہ متاثر رہی، جس سے فضائی اور زمینی آمد و رفت پر اثر پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


