ترواننت پورم (کیرالہ): اڈانی پورٹس اینڈ اسپیشل اکنامک زون (APSEZ) کے منیجنگ ڈائریکٹر کرن اڈانی نے ویژنجم بندرگاہ کے فیز–2 کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویژنجم نہ صرف کیرالہ بلکہ بھارت کی طویل مدتی اقتصادی ترقی اور قومی بحری حکمت عملی کے لیے ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ کرن اڈانی نے کہا کہ صدیوں سے کیرالہ کی ساحلی پٹی بھارت کو عالمی تجارت، تہذیب اور خیالات سے جوڑتی رہی ہے، اور ویژنجم کے ذریعے اسی تاریخی کردار کو جدید انفراسٹرکچر، عالمی معیار اور قومی مقصد کے ساتھ نئی زندگی دی جا رہی ہے۔
اوومن چانڈی کے وژن کو خراج عقیدت
انہوں نے کہا کہ قومی اہمیت کے حامل منصوبے کسی ایک حکومت یا دور کے نہیں ہوتے۔ ویژنجم مختلف حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کے تسلسلِ وژن کا نتیجہ ہے۔ کرن اڈانی نے مرحوم سابق وزیراعلیٰ اوومن چانڈی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کی قیادت میں اس منصوبے کو منظوری ملی اور ابتدائی رفتار حاصل ہوئی۔
پنارائی وجین کی قیادت میں غیر معمولی عزم
کرن اڈانی نے موجودہ وزیراعلیٰ پنارائی وجین کی مسلسل حمایت کو منصوبے کی کامیابی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ: ’’ایسے بڑے گرین فیلڈ منصوبے صرف انجینئرنگ سے نہیں بلکہ سیاسی وضاحت، انتظامی نظم اور طویل مدتی عزم سے مکمل ہوتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی مستقل حمایت کے بغیر ویژنجم کی تکمیل ممکن نہ تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایک سرمایہ کار کے لیے پنرائی وجین جی جیسی قیادت سب سے بڑا اثاثہ ہے۔
اپوزیشن اور مرکز کا تعاون، کوآپریٹو فیڈرلزم کی مثال
کرن اڈانی نے اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستھیسن اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی دوطرفہ سیاسی حمایت سرمایہ کاروں اور عالمی برادری کو مثبت پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر برائے بندرگاہیں، جہاز رانی و آبی گذرگاہیں سربانند سونووال کی موجودگی کو کوآپریٹو فیڈرلزم کی عملی مثال قرار دیا۔ کرن اڈانی نے بتایا کہ ویژنجم نے صرف 15 ماہ کی تجارتی سرگرمیوں میں 10 لاکھ ٹی ای یو ہینڈل کرکے بھارت کی تیز ترین بندرگاہ بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے، جس سے کیرالہ عالمی شپنگ نقشے پر نمایاں ہو گیا ہے۔
16 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری، صلاحیت میں پانچ گنا اضافہ
انہوں نے کہا کہ فیز–2 کے تحت 16 ہزار کروڑ روپے کی اضافی سرمایہ کاری کی جائے گی، جبکہ مجموعی سرمایہ کاری 30 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔ اس کے بعد ویژنجم کی صلاحیت 1 ملین ٹی ای یو سے بڑھ کر 5.7 ملین ٹی ای یو ہو جائے گی، جو 2029 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ کرن اڈانی کے مطابق ویژنجم نہ صرف بھارتی برصغیر کی سب سے بڑی ٹرانس شپمنٹ بندرگاہ بنے گی بلکہ یہ بھارت کی سب سے جدید اور ٹیکنالوجی سے لیس بندرگاہ ہوگی، جو مستقبل کی بھارتی بندرگاہوں کے لیے ایک ماڈل بنے گی۔
عوام اور حکومت کا شکریہ، اعتماد نبھانے کا وعدہ
تقریر کے اختتام پر کرن اڈانی نے حکومت کیرالہ، حکومتِ ہند، تمام سیاسی جماعتوں اور ترواننت پورم و کیرالہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ: ’’اڈانی گروپ اس اعتماد کو پوری ذمہ داری کے ساتھ نبھائے گا اور ویژنجم کے ذریعے کیرالہ اور بھارت کے لیے ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔‘‘ جے ہند کے نعرے کے ساتھ انہوں نے خطاب کا اختتام کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

