Bharat Express DD Free Dish

New Zealand Beat India By 41 Runs In 3rd ODI: وراٹ کوہلی کی سنچری رائیگاں، نیوزی لینڈ کی بھارت میں تاریخی جیت، پہلی بار ون ڈے سیریز کی اپنے نام

نیوزی لینڈ نے بھارتی سرزمین پر ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں کیوی ٹیم نے بھارت کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔

اندور: نیوزی لینڈ نے بھارتی سرزمین پر ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں کیوی ٹیم نے بھارت کو 41 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یہ پہلا موقع ہے جب نیوزی لینڈ نے بھارت میں ون ڈے سیریز جیتی ہو۔ خاص بات یہ رہی کہ یہ تاریخی کامیابی کپتان مائیکل بریسویل کی قیادت میں اس وقت حاصل ہوئی، جب ٹیم کین ولیمسن، میٹ ہنری اور مشیل سینٹنر جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم تھی۔

بھارتی کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں بھارتی گیند بازوں نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کو دباؤ میں ڈال دیا، لیکن ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے چوتھے وکٹ کے لیے 219 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل نے 131 گیندوں پر 137 رنز کی یادگار اننگز کھیلی، جس میں 15 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ گلین فلپس نے بھی 106 رنز کی جارحانہ سنچری اسکور کی۔ ول ینگ نے 30 جبکہ کپتان بریسویل نے ناٹ آؤٹ 28 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہرشت رانا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ہرشت رانا خاصے مہنگے ثابت ہوئے۔ محمد سراج اور کلدیپ یادو کو ایک ایک وکٹ ملی، جبکہ رویندر جڈیجہ اور نتیش ریڈی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ 338 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی شروعات خراب رہی اور روہت شرما 11 جبکہ شبھمن گل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 124 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی 54ویں سنچری تھی۔

کوہلی نے نتیش کمار ریڈی اور ہرشت رانا کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کر کے بھارت کو جیت کے قریب پہنچا دیا تھا، لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ پوری بھارتی ٹیم 46 اوورز میں 296 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جکاری فالکس اور کرسٹن کلارک نے 3،3 جبکہ جائڈن لیناکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیرل مچل کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read