نئی دہلی: اڈانی گروپ اور فرانسیسی کمپنی ٹوٹل انرجیز کے مشترکہ سٹی گیس منصوبے اڈانی ٹوٹل گیس لمیٹڈ نے سی این جی اور گھریلو پائپڈ نیچرل گیس کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے سے مختلف ریاستوں میں گھریلو صارفین اور گاڑی چلانے والوں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ کمپنی کے مطابق سی این جی اور گھریلو پائپڈ گیس کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ چار روپے تک کمی کی گئی ہے۔یہ کمی پیٹرولیم اور نیچرل گیس ریگولیٹری بورڈ کی جانب سے گیس ٹرانسپورٹیشن ٹیرف میں اصلاحات کے بعد کی گئی ہے، جس کے تحت نقل و حمل کے اخراجات کو آسان اور کم کیا گیا ہے۔ اڈانی ٹوٹل گیس کے مطابق قیمتوں میں کمی علاقے کے لحاظ سے مختلف ہے۔ گجرات اور اس سے ملحق مدھیہ پردیش و مہاراشٹر کے علاقوں میں سی این جی فی کلوگرام پچاس پیسے سے ایک روپیہ نوے پیسے تک سستی ہوئی ہے، جبکہ گھریلو پائپڈ گیس میں ایک روپے دس پیسے فی معیاری مکعب میٹر تک کمی کی گئی ہے۔
راجستھان، پنجاب، ہریانہ این سی آر، شمالی مدھیہ پردیش اور سرحدی اتر پردیش کے علاقوں میں سی این جی ایک روپے چالیس پیسے سے دو روپے پچپن پیسے فی کلوگرام تک سستی ہوئی ہے، جبکہ گھریلو پائپڈ گیس ایک روپے دس پیسے سے چار روپے فی معیاری مکعب میٹر تک کم ہوئی ہے۔ وسطی اور مشرقی بھارت میں سی این جی کی قیمتوں میں ایک روپے اکیاسی پیسے سے چار روپے پانچ پیسے فی کلوگرام تک کمی کی گئی ہے اور گھریلو گیس بھی چار روپے فی معیاری مکعب میٹر تک سستی ہوئی ہے۔پی این جی آر بی کے نئے ٹیرف آرڈر کے تحت یکم جنوری 2026 سے گیس ٹرانسپورٹیشن کے تین زون کو گھٹا کر دو کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پورے ملک میں گھریلو پائپڈ گیس اور سی این جی کے لیے ایک ہی زون کا یکساں ٹیرف نافذ کیا گیا ہے، جس سے علاقائی فرق ختم ہو گیا اور صارفین کو کم قیمتوں کا فائدہ ملا ہے۔
اڈانی ٹوٹل گیس کے علاوہ دیگر کمپنیوں نے بھی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ گیل گیس لمیٹڈ نے سی این جی اور پائپڈ گیس ایک روپیہ سستی کی ہے، جب کہ اندراپرستھ گیس لمیٹڈ نے دہلی اور این سی آر میں گھریلو پائپڈ گیس کی قیمت ستر پیسے فی معیاری مکعب میٹر کم کی ہے۔ تھنک گیس نے سی این جی ڈھائی روپے فی کلوگرام اور پائپڈ گیس پانچ روپے فی معیاری مکعب میٹر تک سستی کی ہے۔اڈانی ٹوٹل گیس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سی ای او سریش پی منگلا نی نے اس اصلاح کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے قدرتی گیس زیادہ سستی اور قابلِ رسائی ہوگی، جس سے گھروں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں صاف ایندھن کے استعمال کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس کو بھارت کے توانائی نظام میں اہم مقام دلانے کے لیے ایسی اصلاحات ضروری ہیں، خاص طور پر حکومت کے اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے جس کے تحت 2030 تک توانائی کے مجموعی استعمال میں قدرتی گیس کا حصہ 15 فیصد تک پہنچانا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
