روہت شرما نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزار رن مکمل کرلئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ونڈے میں روہت شرما نے تاریخ رقم کردی ہے۔ وشاکھا پٹنم میں کھیلے جا رہے تیسرے ونڈے میں روہت شرما نے 27 رن بناتے ہی انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزار رن پورے کرلئے ہیں۔ روہت شرما ایسا کرنے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بن گئے ہیں۔ روہت شرما سے پہلے صرف سچن تندولکر، وراٹ کوہلی اور راہل دراوڑ نے ایسا کیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ مین اپنا 505واں میچ کھیل رہے روہت شرما نے جنوبی افریقہ کے خلاف 15ویں اوورمیں تاریخ رقم کی۔ روہت شرما کے اب ٹسٹ، ونڈے اورٹی-20 انٹرنیشنل میں ملاکر 20 ہزار سے زیادہ رن ہوگئے ہیں۔ روہت شرما بہترین فارم میں نظرآرہے تھے۔ انہوں نے اس میچ میں شاندار نصف سنچری لگائی۔ انہوں نے 73 گیندوں کا سامنا کیا اور75 رن بناکرپویلین لوٹے۔ اپنی اننگ میں انہوں نے 7 چوکے اورتین چھکے لگائے۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں بھی روہت شرما نے شاندارنصف سنچری لگائی تھی۔ آج یہ دوسری نصف سنچری تھی۔
20 ہزار رن بنانے والے دنیا کے 14ویں کرکٹربنے روہت شرما
انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 ہزاررن پورے کرنے والے روہت شرما 14ویں کرکٹرہیں۔ ان سے پہلے سچن تندولکر، کمارسنگاکارا، وراٹ کولی، رکی پونٹنگ، مہیلا جے وردھنے، جیک کیلس، راہل دراوڑ، برائن لارا، جو روٹ، سنت جے سوریہ، شیونارائن چندرپال، انضمام الحق اوراے بی ڈی ویلیئرس نے ایسا کارنامہ انجام دیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی
ماسٹربلاسٹر سچن تندولکرنے سب سے زیادہ رنوں کا ریکارڈ بنایا ہے۔ جہاں تک پہنچنا ابھی کسی بھی کرکٹرکے لئے آسان بات نہیں ہے۔ سچن تندولکر نے 34357 رن بنائے۔ وراٹ کوہلی دوسرے نمبرپرہیں۔ انہوں نے 27910 رن بنائے ہیں۔ راہل دراوڑ نے 24208 رن بنائے ہیں۔ جبکہ 20 ہزاررن پورے کرنے والے روہت شرما چوتھے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 20000 رن آج مکمل کرلئے ہیں۔
ہندوستان کے سامنے ہے 271 رنوں کا ہدف
وشاکھا پٹنم میں کھیلے جا رہے تیسرے ونڈے میں ٹیم انڈیا کو 271 رنوں کا ہدف ملا ہے، جس طرح سے روہت شرما اور یشسوی جیسوال بلے بازی کررہے ہیں، اسے دیکھتے ہوئے ہندوستان کا سیریز جیتنا تقریباً طے لگ رہا ہے۔ اس فیصلہ کن مقابلے میں ہندوستان کے لئے کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا نے 4-4 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ خبرلکھے جانے تک ہندوستان کا اسکورایک وکٹ کے نقصان پر221 رن ہے اورٹیم انڈیا جیت کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اس دوران یشسوی جیسوال نے اپنی شاندار سنچری بھی مکمل کرلی ہے۔ ان کے ساتھ وراٹ کوہلی 33 رن بناکرکریز پر موجود ہیں۔ اس سیریز کا پہلا ٹیم انڈیا نے جیتا تھا۔ اس کے بعد دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے جیت حاصل کی تھی۔ آج تیسرے میچ میں ٹیم انڈیا واپسی کرتی ہوئی نظرآرہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


