رانچی کے جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 350 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن جیسوال صرف 18 رنز بنا کر چوتھے اوور کی پہلی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
دوسرے وکٹ کیلئے 136 رنز کی شاندار شراکت
ابتدائی جھٹکے کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ دونوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسرے وکٹ کے لیے 136 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ روہت شرما نے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے، جن میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ اس دوران وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے بلے باز بھی بن گئے۔

’’کنگ کوہلی‘‘ کا راج — 135 رنز کی یادگار اننگز
روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کو دو تیز جھٹکے لگے، لیکن وراٹ کوہلی کریز پر ڈٹے رہے۔ انہوں نے کے ایل راہل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 76 رنز جوڑے۔ وراٹ کوہلی نے 102 گیندوں پر 52ویں ون ڈے سنچری مکمل کی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ان کی چھٹی سنچری تھی۔ وہ 120 گیندوں پر 7 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
راہل، جڈیجہ نے آخری اوورز میں رفتار بڑھائی
کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد کے ایل راہل اور رویندر جڈیجہ نے رفتار میں تیزی لائی۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے صرف 36 گیندوں پر 65 رنز جوڑے۔ کے ایل راہل نے 56 گیندوں پر 60 رنز اسکور کیے، جبکہ جدیجہ نے 20 گیندوں پر 32 رنز بناتے ہوئے بھارت کو 50 اوور میں 8 وکٹ پر 349 تک پہنچایا۔
جنوبی افریقہ کی بولنگ کارکردگی
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن، ناندرے برگر، کاربن بوش، اوٹنیل بارٹمین نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ آخری خبریں لکھے جانے تک جنوبی افریقہ کی ٹیم 350 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 8 اوورس میں تین وکٹ پر 43 رن بنا کر مشکلوں میں گھری ہوئی نظر آرہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


