Bharat Express DD Free Dish

SIR BLO suicide 15 deaths controversy: ایس آئی آر  کا’سائیڈ ایفیکٹ‘؟ 3 ہفتوں میں 6 ریاستوں کے 15 بی ایل او کی موت کا دعویٰ، ملک میں افرا تفری !

ملک کے 12 ریاستوں میں جاری ایس آئی آر کے حوالے سے بڑا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 3 ہفتوں میں 15 بی ایل او کی موت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اپوزیشن نے الزام لگایا کہ بڑھتے ہوئے ورک لوڈ کی وجہ سے بی ایل او خودکشی کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن کی اس کارروائی کا فائدہ بی جے پی اٹھا رہی ہے۔

ملک کی 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کرائی جا رہی ہے۔ پہلے یہ عمل بھارتی انتخابی کمیشن نے بہار میں کروایا تھا، جس کے دوران تقریباً 65 لاکھ ووٹروں کو فہرست سے ہٹایا گیا اور 35 لاکھ نئے ووٹر شامل کیے گئے۔ اس پر اپوزیشن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ووٹ چوری ہے اور بی جے پی ایس آئی آر کو انتخابی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ یہ عمل بہار اسمبلی انتخابات سے بالکل پہلے کرایا گیا تھا۔ اب 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کرایا جا رہا ہے، جس پر اپوزیشن دوبارہ سخت ردعمل دے رہی ہے۔ متعدد رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس عمل کے دوران تقریباً 15 بوتھ لیول آفیسرز بی ایل او نے خودکشی کی ہے۔

15 بی ایل او کی خودکشی

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کی 12 ریاستوں میں ایس آئی آر کے دوران اب تک 15 بی ایل او کی موت کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ ان میں مغربی بنگال میں 3، گجرات اور مدھیہ پردیش میں 4-4، راجستھان میں 2، جبکہ کیرلا اور تمل ناڈو میں ایک ایک کی موت شامل ہے۔ مدھیہ پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی دو بی ایل او کی موت کی اطلاعات آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایس آئی آر کی وجہ سے کام کا دباؤ بہت بڑھ گیا ہے اور بی ایل او کو روزانہ 18 گھنٹے کام کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی بھاری ورک لوڈ کو موتوں کی وجہ بتایا جا رہا ہے۔

بنگال میں ایس آئی آر پر ہنگامہ

مغربی بنگال کے نادیا ضلع کے کرشن نگر میں بی ایل او کے طور پر کام کرنے والی رنکو طرفدار نامی خاتون استاد نے 22 نومبر کو خودکشی کر لی۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ لاش کے پاس برآمد نوٹ میں رنکو نے اپنی موت کے لیے انتخابی کمیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ چند دن پہلے سابق بردوان ضلع کے میماری میں بھی کام کے دباؤ کی وجہ سے برین اسٹروک کے سبب نمیتا ہانصدا نامی بی ایل او کی موت ہو گئی تھی۔ اسی طرح 19 نومبر کو جلپائی گڑی ضلع کے چائے باغان علاقے سے شانتی مونی اوراؤ نامی خاتون بی ایل او کی لاش برآمد ہوئی۔ ان دونوں کیسز میں متوفی کے اہل خانہ نے کام کے دباؤ کو ذمہ دار قرار دیا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اپنی پوسٹ میں نادیا میں بی ایل او کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر ایس آئی آر اور کتنی جانیں لے گا۔

ایس آئی آر کے نام پر افرا تفری — راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ایک اخبار کی خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ایس آئی آر کے نام پر ملک بھر میں افرا تفری مچائی گئی ہے۔ نتیجہ؟ تین ہفتوں میں 16 بی ایل او کی جانیں جا چکی ہیں۔ ہارٹ اٹیک، دباؤ، خودکشی — ایس آئی آر کوئی اصلاح نہیں، بلکہ تھوپ دیا گیا ظلم ہے۔ سات ہی انہوں نے انتخابی کمیشن پر الزام لگاتے ہوئے کہا، ’’ECI نے ایسا سسٹم بنایا ہے جس میں شہریوں کو خود کو تلاش کرنے کے لیے 22 سال پرانی ووٹر لسٹ کے ہزاروں اسکین صفحات پلٹنے پڑیں۔ مقصد صاف ہے – صحیح ووٹر تھک کر ہار جائے اور ووٹ چوری بغیر روک ٹوک جاری رہے۔‘‘  کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹر لسٹ کے عمل کو ووٹ چوری کے لیے ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read