پٹنہ: بہار کی سیاست میں جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سینئر رہنما اور عالم نگر اسمبلی حلقے سے مسلسل آٹھ مرتبہ جیت کے ریکارڈ رکھنے والے نریندر نارائن یادو کو بہار اسمبلی کا پروٹیم اسپیکر مقرر کر دیا گیا ہے۔ پیر کے روز بہار کے گورنر عارف محمد خان نے راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں پروٹیم اسپیکر کے عہدے کا حلف دلایا۔
پروٹیم اسپیکر کی حیثیت سے نریندر نارائن یادو کا پہلا اور سب سے اہم فریضہ نئے منتخب اراکین اسمبلی کو حلف دلانا ہوگا۔ روایتی طور پر پروٹیم اسپیکر ہی ایوان کے پہلے اجلاس میں نو منتخب اراکین کو حلف برداری کراتے ہیں اور مستقل اسپیکر کے انتخاب تک ایوان کی کارروائی کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ نریندر نارائن یادو نہ صرف جے ڈی یو کے سینئر ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں بلکہ بہار کی سیاست میں ایک شائستہ اور نرم گفتار شخصیت کے طور پر ان کی الگ شناخت ہے۔
بہار اسمبلی انتخابات 2025 میں انہوں نے عالم نگر نشست پر بڑی جیت درج کی۔ یادو نے وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے امیدوار نبیـن کمار کو 55 ہزار 465 ووٹوں کے بھاری فرق سے شکست دی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، نریندر نارائن یادو کو 1 لاکھ 38 ہزار 401 ووٹ ملے، جبکہ ان کے حریف نبیـن کمار کو 82 ہزار 936 ووٹ حاصل ہوئے۔ اس حلقے میں جن سوراج پارٹی کے امیدوار سبودھ کمار سمن تیسرے مقام پر رہے۔
بہار میں این ڈی اے اتحاد نے اس انتخاب میں بڑی کامیابی حاصل کی اور کل 202 نشستوں پر جیت درج کی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 89، جے ڈی یو نے 85، جبکہ لوک جن شکتی پارٹی (آر) نے 19 نشستیں حاصل کیں۔ ہندستانی عوام مورچہ کو پانچ اور راشٹریہ لوک مورچہ کو چار نشستیں ملیں۔ اطلاعات کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بار پھر مستقل اسپیکر کی کرسی پر دعویٰ پیش کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بی جے پی کے نند کشور یادو اسمبلی اسپیکر رہ چکے ہیں، تاہم اس بار انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
