Bharat Express DD Free Dish

PM Modi speaks to Japanese PM Takaichi: بھارت اور جاپان کے درمیان تعلقات میں نئی مضبوطی، ’’عالمی امن و خوشحالی کے لیے بھارت-جاپان کے مضبوط تعلقات اہمیت کے حامل‘‘: وزیراعظم مودی

وزیراعظم مودی نے جاپان کی وزیراعظم سانے تاکائچی کو فون پر مبارکباد دی، اقتصادی سلامتی، دفاعی تعاون اور ہنرمند افراد کی نقل و حرکت پر بات چیت۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز جاپان کی وزیراعظم سانے تاکائچی سے فون پر گفتگو کی اور انہیں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے مضبوط تعلقات عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’’جاپان کی وزیر اعظم سانے تاکائچی سے نہایت خوشگوار گفتگو ہوئی۔ انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو اقتصادی سلامتی، دفاعی تعاون اور ہنرمند افراد کی نقل و حرکت کے شعبوں میں مزید آگے بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔ ہم اس بات پر متفق ہوئے کہ بھارت-جاپان کے مضبوط تعلقات عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔‘‘

سانے تاکائچی کو وزیراعظم مودی کی مبارکباد

اس سے قبل 21 اکتوبر کو بھی وزیراعظم مودی نے سانے تاکائچی کو جاپان کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا: ’’دل کی گہرائیوں سے مبارکباد، سانے تاکائچی، آپ کے جاپان کی وزیر اعظم منتخب ہونے پر۔ میں آپ کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے اور بھارت-جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہوں۔ ہمارے بڑھتے تعلقات انڈو-پیسیفک خطے اور اس سے آگے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہیں۔‘‘

جاپانی وزیر اعظم تاکائچی نے اپنے جوابی پیغام میں کہا: ’’میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں تاکہ جاپان-بھارت خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔‘‘

جاپان کی نئی وزیراعظم کا وژن

جاپانی میڈیا کے مطابق سانے تاکائچی نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ ایسے وقت میں جب چین اپنی عسکری سرگرمیوں میں اضافہ کر رہا ہے ان کی حکومت بھارت، جنوبی کوریا، فلپائن اور آسٹریلیا جیسے ممالک کے ساتھ کثیر الجہتی مکالمہ کو مزید گہرا کرے گی تاکہ ایک آزاد اور کھلا انڈو-پیسیفک قائم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ اتحاد جاپان کی خارجہ اور سلامتی پالیسی کا بنیادی ستون ہے، تاہم چین کو ایک ’’اہم ہمسایہ‘‘ قرار دیتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ جاپان چین کے ساتھ ’’تعمیری، مستحکم اور باہمی فائدے پر مبنی‘‘ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

دفاعی اخراجات میں اضافہ اور معیشت کی بحالی پر زور

جاپانی پارلیمنٹ (ڈائٹ) میں اپنی پہلی پالیسی تقریر میں  وزیراعظم سانے تاکائچی نے اعلان کیا کہ جاپان کا دفاعی بجٹ رواں دہائی کے اختتام سے قبل جی ڈی پی کے دو فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ یہ ہدف پہلے مالی سال 2027 تک رکھا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ایک جارحانہ مالی پالیسی اپنائے گی تاکہ بڑھتی ہوئی زندگی کے اخراجات پر قابو پایا جا سکے، جو ان کی حکومت کی سرِ فہرست ترجیح ہے۔

ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم

64 سالہ سانے تاکائچی جاپان کی لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما ہیں اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ ان کی قیادت میں جاپان کی خارجہ پالیسی میں ایک نئی جہت متوقع ہے جس میں بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات، امریکہ کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد اور چین کے ساتھ متوازن سفارتی رویہ شامل ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔