Bharat Express DD Free Dish

PM Modi Sends Best Wishes as Hockey Asia Cup Kicks Off in Rajgir: وزیر اعظم مودی نے راجگیر میں ہاکی ایشیا کپ 2025 کے آغاز پر کیا نیک خواہشات کا اظہار، ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے بہار کو دی مبارکباد

وزیراعظم مودی نے کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیل کے شوقین افراد کے لیے خوشی کا موقع ہے، بلکہ یہ ہندوستان کے اس خطے کی اسپورٹس میں بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے 29 اگست سے بہار کے تاریخی شہر راجگیر میں شروع ہونے والے مردوں کے ہاکی ایشیا کپ 2025 کے موقع پر ایشیائی ممالک کی تمام شریک ٹیموں، کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے خیالات کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیل کے شوقین افراد کے لیے خوشی کا موقع ہے، بلکہ یہ ہندوستان کے اس خطے کی اسپورٹس میں بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

وزیراعظم مودی نے لکھا کہ ’’کل، 29 اگست (جو نیشنل اسپورٹس ڈے اور عظیم کھلاڑی میجر دھیان چند جی کا یوم پیدائش بھی ہے) کو مردوں کا ہاکی ایشیا کپ 2025 بہار کے تاریخی شہر راجگیر میں شروع ہوگا۔ میں ایشیا بھر کی تمام شریک ٹیموں، کھلاڑیوں، آفیشلز اور سپورٹرز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہاکی کا کھیل بھارت سمیت پورے ایشیا میں عوام کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور یہ ٹورنامنٹ نئی نسل کے لیے ایک تحریک ثابت ہوگا۔

دریں اثنا وزیراعظم نے بہار کی مسلسل ترقی اور کھیلوں کے میدان میں اس کے ابھرتے کردار کی بھی تعریف کی۔ انھوں نے لکھا کہ ’’یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ بہار مردوں کے ہاکی ایشیا کپ 2025 کی میزبانی کر رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں بہار نے کھیلو انڈیا یوتھ گیمز 2025، ایشیا رگبی انڈر-20 سیونز چیمپیئن شپ 2025، آئی ایس ٹی اے ایف سیپاکٹاکرو ورلڈ کپ 2024 اور ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2024 جیسے بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرتے ہوئے کھیلوں کے ایک فعال مرکز کے طور پر خود کو منوایا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وزیراعظم مودی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کھیلوں میں سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اور نچلی سطح پر ٹیلنٹ کو فروغ دینے کی کوششیں نہ صرف بہار بلکہ پورے ملک کو عالمی اسپورٹس نقشے پر نمایاں کریں گی۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read