بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج تمام قیاس آرائیوں پر بریک لگاتے ہوئے این ڈی اے کے نائب صدر کے امیدوار کا اعلان کردیا۔ بہت سے نام اس اعلیٰ عہدے کی دوڑ میں تھے لیکن مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھاکرشنن کے نام پر مہر لگی اور انہیں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی جانب سے نائب صدر کے انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کردیا گیا۔ یہ اعلان بی جے پی صدر جے پی نڈا نے وزیراعظم نریندر مودی کی موجودگی میں منعقدہ پارلیمانی بورڈ کی اہم میٹنگ کے بعد کیا، جس میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور متفقہ طور پر رادھاکرشنن کے نام پر رضامندی ظاہر کی۔
Maharashtra Governor CP Radhakrishnan will be the NDA’s candidate for the Vice Presidential election.
– BJP national President & Union Minister @JPNadda #VicePresidentialElection | #CPRadhakrishnan pic.twitter.com/bdbhAWgYpz
— All India Radio News (@airnewsalerts) August 17, 2025
سی پی رادھاکرشنن کا تعارف اور سیاسی سفر
سی پی رادھاکرشنن کا پورا نام چندراپورم پونّوسوامی رادھاکرشنن ہے۔ وہ 20 اکتوبر 1957 کو تروپور، تمل ناڈو میں پیدا ہوئے۔ طویل سیاسی سفر میں انہوں نے مختلف سطحوں پر نمایاں خدمات انجام دیں۔ 18 فروری 2023 کو انہیں جھارکھنڈ کا گورنر مقرر کیا گیا، جہاں وہ 30 جولائی 2024 تک اس عہدے پر برقرار رہے۔ بعد میں مارچ سے جولائی 2024 تک انہوں نے تلنگانہ کے گورنر کے طور پر اضافی چارج سنبھالا، جبکہ مارچ سے اگست 2024 تک وہ پڈوچیری کے لیفٹیننٹ گورنر بھی رہے۔ 31 جولائی 2024 کو انہیں مہاراشٹر کا گورنر مقرر کیا گیا اور اس وقت وہ اسی عہدے پر فائز ہیں۔
In his long years in public life, Thiru CP Radhakrishnan Ji has distinguished himself with his dedication, humility and intellect. During the various positions he has held, he has always focused on community service and empowering the marginalised. He has done extensive work at… pic.twitter.com/WrbKl4LB9S
— Narendra Modi (@narendramodi) August 17, 2025
این ڈی اے کی مکمل حمایت
نامزدگی کے اعلان کے فوراً بعد این ڈی اے کے کئی رہنماؤں نے کھل کر حمایت کی۔ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے ایکس پر لکھا، ’’ہم نائب صدر کے عہدے کے لیے این ڈی اے کے امیدوار سی پی رادھاکرشنن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ہم سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک این ڈی اے کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں نے امیدوار کے نام پر کوئی اختلاف نہیں دکھایا اور یکجہتی کے ساتھ رادھاکرشنن کے حق میں فیصلہ کیا۔
سابق نائب صدر کا استعفیٰ اور خالی عہدہ
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے 21 جولائی کو اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے استعفے کی وجہ خراب صحت کو قرار دیا، تاہم سیاسی حلقوں میں اختلافات کی چہ میگوئیاں بھی جاری ہیں۔ ان کے استعفے کے بعد نائب صدر کا انتخاب 9 ستمبر کو کرائے جانے کا اعلان کیا گیا۔
انتخابی تیاری اور اپوزیشن کی حکمت عملی
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین پر مشتمل الیکٹورل کالج میں این ڈی اے کو واضح اکثریت حاصل ہے، اس لیے رادھاکرشنن کی کامیابی تقریباً یقینی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک بھی اپنے امیدوار کے نام پر غور کررہا ہے اور اس مقصد کے لیے 18 اگست کو میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی این ڈی اے نے کاغذات نامزدگی کے عمل کو طاقت کے مظاہرے میں بدلنے کے لیے اپنے تمام وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ کو 21 اگست کو دہلی طلب کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



