Bharat Express DD Free Dish

78 students given anti-rabies injections: چھتیس گڑھ کے اسکول میں بچوں کو کتے کا جوٹھا کھانا کھلانے کا شرمناک واقعہ، 78 طلبا کو لگے اینٹی ریبیز انجیکشن، جانچ جاری

ایس ڈی ایم دنیش نکنج کے مطابق ’’فی الحال بچوں، اساتذہ اور اہل خانہ کے بیانات درج کیے جا چکے ہیں۔ اپنی مدد آپ گروپ (سیلف ہیلپ گروپ) کی خواتین سے بھی جلد پوچھ تاچھ ہوگی۔ جانچ کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘

چھتیس گڑھ کے ضلع بلودا بازار کے ایک سرکاری اسکول میں بچوں کو کتے کا جوٹھا کھانا کھلائے جانے کا سنگین اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد 78 بچوں کو اینٹی ریبیز انجیکشن لگانا پڑا اور ضلعی انتظامیہ نے فوری جانچ شروع کر دی ہے۔

کہاں پیش آیا واقعہ؟

یہ واقعہ پلاری بلاک کے لچھن پور گاؤں کے گورنمنٹ مڈل اسکول میں پیش آیا، جہاں اسکول میں بننے والے مڈ ڈے میل کا کھانا کھلے میں رکھا گیا تھا۔ بچوں نے شکایت کی کہ ایک آوارہ کتے نے کھانے میں منہ مارا اور سبزی کو جوٹھا کر دیا۔

ٹیچرز نے روکا، مگر بچوں کو کھلایا گیا وہی کھانا

بچوں نے معاملے کی اطلاع اسکول ٹیچرز کو دی، جنہوں نے کھانا بنانے والی خواتین کو روکنے کی کوشش کی، لیکن اس کے باوجود خواتین نے بچوں کو وہی کھانا دے دیا۔ ’سیلف ہیلپ ویمن گروپ‘ سے جڑی خواتین نے یہ کہہ کر کھانا دیا کہ کتے نے کچھ نہیں کھایا۔

والدین اور گاؤں والوں کا احتجاج

جب بچوں نے یہ بات اپنے والدین کو بتائی تو گاؤں کے لوگ اسکول پہنچ گئے اور معاملے پر سخت اعتراض جتایا۔ فوری طور پر اسکول انتظامیہ نے بچوں کو قریبی پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا، جہاں 78 بچوں کو اینٹی ریبیز کا ٹیکہ لگایا گیا۔

اعلیٰ سطحی جانچ شروع، افسران موقع پر پہنچے

معاملے کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی ایم دنیش نکنج، بی ای او نریش ورما سمیت کئی افسران اسکول پہنچے، جہاں انہوں نے بچوں، ٹیچرز اور والدین کے بیانات درج کیے۔ افسران نے اسکول میں تیار کیا گیا کھانا خود بھی چکھا تاکہ معاملے کی حقیقت جان سکیں۔

مقامی ایم ایل اے نے وزیراعلیٰ کو لکھا خط

مقامی رکن اسمبلی سندیپ ساہو نے اس سنگین غفلت پر وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ یہ بچوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ ہے، جس کے لیے قصورواروں کو بخشا نہیں جانا چاہیے۔

سخت کارروائی کی یقین دہانی

ایس ڈی ایم دنیش نکنج نے میڈیا کو بتایا کہ: ’’فی الحال بچوں، اساتذہ اور اہل خانہ کے بیانات درج کیے جا چکے ہیں۔ اپنی مدد آپ گروپ (سیلف ہیلپ گروپ) کی خواتین سے بھی جلد پوچھ تاچھ ہوگی۔ جانچ کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘ یہ واقعہ ریاستی اسکول نظام میں لاپرواہی اور نگرانی کے فقدان کو اجاگر کرتا ہے، جہاں بچوں کی صحت اور حفاظت کو سنجیدگی سے لینے کی اشد ضرورت ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read