نیوزی لینڈ کے اسٹار کرکٹر کین ولیمسن۔
Kane Williamson IPL 2023: آئی پی ایل 2023 میں گجرات ٹائٹنس کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے کین ولیمسن کے لئے یہ سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی ختم ہوگیا ہے۔ سیزن کے پہلے میچ میں چنئی سپرکنگس کے خلاف کھیل رہے کیوی کپتان کو ایک کیچ لپکنے کے دوران گھٹنے میں چوٹ آئی تھی، جس کے سبب وہ اس سال ٹورنا منٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
اس درمیان ان کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں کین ولیمسن بیساکھی کے سہارے چلتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ کمال کی بات یہ ہے کہ وہ اس حال میں بھی مسکراتے ہوئے نظرآرہے ہیں۔ فینس اس ویڈیو پر خوب تبصرہ کررہے ہیں اور ان کے جلد ٹھیک ہونے کی دعا کر رہے ہیں۔
گجرات ٹائٹنس نے آئی پی ایل 2023 میں زخمی کین ولیمسن کی جگہ سری لنکائی محدود اووروں کے کپتان داسن شناکا کو سائن کیا ہے۔ کین ولیمسن کو چنئی سپرکنگس کے خلاف گھٹنے میں چوٹ لگی تھی اور وہ ٹورنا منٹ سے باہر ہوگئے ہیں اور اپنے ملک لوٹ گئے۔ شناکا جنہوں نے پہلے کبھی آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیا تھا۔ انہیں اس بار ڈیبیو کا موقع ملا۔ داسن شناکا نے حال ہی میں ہندوستان میں بلے سے شاندارکارکردگی پیش کی تھی۔ انہوں نے ٹی-20 سیریز میں 187 کی اسٹرائیک ریٹ سے 124 رن بنائے تھے۔ اسی سیریز میں سری لنکائی آل راونڈر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری بھی لگائی تھی۔
کین ولیمسن کے آنے سے گجرات ٹائٹنس کو مڈل آرڈر میں ایک بھروسے مند بلے بازمل گیا تھا۔ گزشتہ سیشن میں وجے شنکر نمبر-3 پر کچھ خاص کھیل نہیں دکھا سکے تھے۔ اسپورٹس تک کی خبر کے مطابق، کین ولیمسن چوٹ کے سبب آئی پی ایل 2023 سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ چنئی سپرکنگس کے خلاف میچ کے 13ویں اوور میں زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد انہیں ٹیم کے 2 سپورٹ اسٹاف سہارا دے کر باہر لے گئے تھے۔ تبھی سے ان کے کھیلنے سے متعلق کشمکش کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی۔ حالانکہ انہوں نے زخمی ہونے سے پہلے 2 رن ضرور بچائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: IPL 2023: پہلا میچ ہارنے والی کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو لگا بڑا جھٹکا، پورے ٹورنا منٹ سے باہر ہوئے شکیب الحسن
کیوی ٹیم کے لئے بڑا جھٹکا
واضح رہے کہ کین ولیمسن کا زخمی ہونا گجرات ٹائٹنس سے زیادہ نیوزی لینڈ کے لئے جھٹکا ہے۔ اس سال عالمی کپ کھیلا جانا ہے۔ ایسے میں کین ولیمسن کی یہ چوٹ نیوزی لینڈ ٹیم کو پریشان کرسکتی ہے۔