Bharat Express DD Free Dish

جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اٹھایا بڑا قدم، شعبہ فارسی میں ایران شناسی ہال کا افتتاح کیا گیا، وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کیا بڑا اعلان

ایران کے سفیر کبیر ڈاکٹر ایرج الٰہی نے کہا کہ ہندوایران کے سیاسی، سماجی اورعلمی تعلقات زمانہ قدیم سے ہیں، یہ دونوں ملک ساتھ رہے ہیں اورہمیشہ دنیا کے سامنے اپنی مشترکہ علمی میراث کوپیش کرتے رہے ہیں۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ فارسی میں ایران شناسی ہال کا افتتاح کیا گیا۔

نئی دہلی: شعبہ فارسی، جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ایران کلچرہاؤس وسفارت جمہوریہ اسلامی ایران دہلی کے اشتراک سے آج ایران شناسی ہال کا افتتاح شیخ الجامعہ پروفیسرمظہرآصف اورہندوستان میں ایران کے سفیرکبیرڈاکٹرایرج الٰہی کی موجودگی میں عمل میں آیا۔ شیخ الجامعہ پروفیسرمظہرآصف نے اپنے خطاب میں ہندوایران کے تعلقات پرروشنی ڈالتے ہوئے ایران شناسی ہال کی تزئین کاری کیلئے ایرانی سفیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے خارجی زبانوں کے ہرشعبہ میں اُس ملک کی تہذیب وتمدن کی جھلکیاں پیش کرنے والا ایک مخصوص کمرہ ہونا چاہئے، جس کے لیے میں بھی کوشش کروں گا اورصدورشعبہ کو بھی اس جانب توجہ دینی چاہئے۔

ہند-ایران کے زمانہ قدیم سے ہیں مضبوط تعلقات: ایرانی سفیر

ایران کے سفیرکبیرڈاکٹرایرج الٰہی نے اپنی تقریرمیں کہا کہ ہندوایران کے سیاسی، سماجی اورعلمی تعلقات زمانہ قدیم سے ہیں، یہ دونوں ملک ساتھ رہے ہیں اورہمیشہ دنیا کے سامنے اپنی مشترکہ علمی میراث کوپیش کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے جامعہ اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا کہ ہمیں یہ تزئین کاری کا موقع دیا۔ڈاکٹرفریدالدین فریدعصر کلچرل کونسلر ایران کلچرہاؤس نے کہا کہ یہ ہال کی تزئین ہند وایرانی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، جس میں مشہورفارسی شعرا کے اشعاراورباہمی روابط کی پینٹنگ سے زینت دی گئی ہے۔ جامعہ کے کارگزاررجسٹرار پروفیسرابوذرخیری نے کہا کہ میرے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ آج اس ہال کا افتتاح عمل میں آیا، میں نے بھی کئی سال تک پی جی ڈپلوما ان ایرانولوجی میں تدریسی خدمات انجام دی ہیں۔

جامعہ کا معاون رہا ہے ایران: پروفیسراقتدارمحمد خان

ڈین فیکلٹی آف ہیومنٹیز اینڈ لینگوجزپروفیسراقتدارمحمد خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ سے جامعہ کی مدد کرتا رہا ہے۔ میری طالب علمی کے زمانہ میں بھی ایران کلچرہاؤس نے بعض کاموں میں تعاون کیا تھا اورمجھے امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ آخرمیں صدر شعبہ فارسی پروفیسرسید کلیم اصغرنے تمام مہمانوں اورسامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خاص طورسے سفیرایران اورکلچرخانہ فرہنگ ایران کے ڈائرکٹرکا ایران شناسی کے ہال کی تزئین کاری کے لیے شکریہ ادا کیا۔

سرکردہ شخصیات نے کی شرکت

نظامت کے فرائض ڈاکٹرمحسن علی نے انجام دیئے جبکہ پروگرام کا افتتاح ڈاکٹریاسرعباس نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ شرکت کرنے والوں میں خاص طورسے کارگزارپراکٹرپروفیسرراجن کمار، میڈیا کوآرڈینیٹرپروفیسرصائمہ سعید، ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچرپروفیسرقمر ارشاد، صدرشعبہ اردوپروفیسرکوثرمظہری، صدرشعبہ عربی پروفیسرنسیم اختر، صدرشعبہ تاریخ پروفیسرناظم حسین جعفری، صدرشعبہ سنسکرت پروفیسرجے پرکاش، صدرشعبہ ہندی پروفیسرنیرج کمار، ویسٹ ایشین اسٹڈیزکے صدرپروفیسرہمایوں اخترنجمی، ڈائریکٹرذاکرحسین انسٹی ٹیوٹ پروفیسرحبیب اللہ، پروفیسرافضل مرتضی، پروفیسرذیشان حسین، پروفیسرانیس الرحمن، پروفیسرافضل مرتضیٰ، پروفیسرنشاط منظر، پروفیسرذیشان حسین کمپیوٹر سائنس، سابق ڈین فیکلٹی فائن آرٹس پروفیسرغضنفر زیدی، سابق صدر شعبہ فارسی پروفیسرقمرغفار، پروفیسر اظہرہاشمی، ڈاکٹرسلیم جاوید ملک کے علاوہ بڑی تعداد میں اساتذہ وطلباء نے شرکت کی۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read