دہلی کی مشہور تاریخی مارکیٹ چاندنی چوک اور صدر بازار کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے اعلان پر سیاسی طوفان برپا ہو گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس منصوبے کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی ’سازش‘ قرار دیتے ہوئے سخت مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
سی اے آئی ٹی کے ذریعے دہلی کے تاجروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے
عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما سوربھ بھاردواج نے منگل کو پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ بی جے پی کی زیر سرپرستی چلنے والی تجارتی تنظیم سی اے آئی ٹی کے ذریعے دہلی کے تاجروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ سازش 2022 سے شروع ہو چکی تھی۔ بی جے پی کے لیڈر کلدیپ چہل نے اس وقت کے ہریانہ کے وزیراعلیٰ سے ہریانہ بھون میں ملاقات کی اور کہا کہ دہلی کی مارکیٹ کو ہریانہ منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ اس وقت تاجروں کو لالچ بھی دیا گیا، مگر وہ اپنی جگہ چھوڑنے کو تیار نہیں تھے۔‘‘
سوربھ نے دعویٰ کیا کہ 2 مئی کو پرگتی میدان میں ایک بڑا پروگرام منعقد ہوا جس میں سی اے آئی ٹی کے صدر اور چاندنی چوک سے بی جے پی کے رکنِ پارلیمان پروین کھنڈیلوال، دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا، دیگر وزراء اور متعدد تاجر شریک ہوئے۔ اسی پروگرام کے دوران دہلی کی وزیر اعلیٰ نے چاندنی چوک اور صدر بازار کو دوسری جگہ منتقل کرنے کا اعلان کیا۔
اعلان کے بعد دہلی کے تاجروں میں خوف و ہراس
عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے کہا، ’’بی جے پی کے لوگ کہتے ہیں کہ یہ مارکیٹیں تنگ ہیں، یہاں سانس لینے کے لیے بھی شام کا انتظار کرنا پڑتا ہے، اس لیے ہم انہیں دوسری جگہ منتقل کریں گے۔ مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کہاں لے کر جائیں گے۔ ان کے بیان کے بعد دہلی کے تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔‘‘
یہ بازار دہلی کی تاریخ اور ثقافت کا حصہ
سوربھ نے مزید کہا، “یہ بازار دہلی کی تاریخ اور ثقافت کا حصہ ہیں۔ لوگ نسل در نسل یہاں تجارت کرتے آ رہے ہیں، ان کا ان بازاروں سے جذباتی لگاؤ ہے۔ آپ ان بازاروں کی از سر نو ترقی کریں گے، مگر ان کو دوسری جگہ مت لے کر جائیں۔ ہماری حکومت نے چاندنی چوک کو پہلے ہی ری ڈیولپ کر کے دکھایا ہے۔ ہم نے سو کروڑ روپے بھی مختص کیے لیکن بی جے پی کے افسروں نے جان بوجھ کر کام روکے۔”
وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پرعام آدمی پارٹی کی تنقید
عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر الزام لگایا ہے کہ وہ دہلی کے تاجروں کو دہلی سے نکال کر ہریانہ یا کسی اور ریاست میں لے جانا چاہتی ہے، تاکہ یہاں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا سکے یا دیگر منصوبے نافذ کیے جا سکیں۔ سوربھ بھاردواج نے وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ دہلی کی عوام اور تاجروں کے مسائل سے نابلد ہیں۔ ہم آپ کو زبردستی نہیں کرنے دیں گے۔ بیان واپس لیجیے، اسکیم واپس لیجیے، ہم آپ کے خلاف میدان میں کھڑے ہیں۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


