راہل گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو سپریم کورٹ سے فی الحال راحت ملی ہے۔ عدالت نے راہل گاندھی کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے میں نچلی عدالت میں چل رہی کارروائی پر اگلے حکم تک روک لگا دی ہے۔ عدالت نے جھارکھنڈ اور دیگر ریاستوں کی عدالتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ عدالت اس معاملے کی اگلی سماعت 6 ہفتوں کے بعد کرے گی۔
امت شاہ کو قاتل کہنے کا الزام
راہل گاندھی نے 22 فروری 2024 کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے۔ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 2019 کی لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ کو قاتل کہنے والے اپنے مبینہ ریمارکس پر بی جے پی لیڈر نوین جھا کی طرف سے دائر ہتک عزت کے مقدمے کو خارج کرنے کی راہل گاندھی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ جس پر بی جے پی لیڈر نوین جھا کے وکیل نے کہا کہ عدالت کا یہ حکم راہل گاندھی کے خلاف ان کی بے قابو زبان پر فوجداری کارروائی کی راہ ہموار کرتا ہے۔
جھارکھنڈ میں درج ہے دو کیس
آپ کو بتا دیں کہ جھارکھنڈ میں راہل گاندھی کے خلاف دو کیس چل رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر اور شکایت کنندہ نوین جھا نے امت شاہ کے خلاف کئے گئے قابل اعتراض ریمارکس کے خلاف رانچی کی نچلی عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ امت شاہ کیس میں ایک اور مقدمہ بی جے پی لیڈر پرتاپ کمار نے چائباسا عدالت میں دائر کیا تھا۔ اس پر چائباسا عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیا تھا، جسے منسوخ کرنے کے لیے راہل گاندھی نے ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔
فی الحال سپریم کورٹ نے ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی پر روک لگا دی ہے۔ دونوں کیس ہائی کورٹ میں چل رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔