ایس پی صدر اکھلیش یادو
قنوج: اتر پردیش کے قنوج میں ہفتہ کے روز ریلوے اسٹیشن پر امرت بھارت یوجنا کے تحت زیر تعمیر دو منزلہ عمارت کا لنٹل گرنے سے 20 سے زائد مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حالانکہ، اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس دوران سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور قنوج کے ایم پی اکھلیش یادو نے اس حادثہ کو لے کر یوگی حکومت کو شدید نشانہ بنایا۔
ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا، انگریزوں کے دور میں بنائے گئے ریلوے اسٹیشن آج بھی ویسے ہی مضبوط نظر آ رہے ہیں لیکن یہ بی جے پی والے کونسا ریلوے اسٹیشن بنا رہے ہیں، کیا پلیٹ فارم بنا رہے ہیں جو بننے سے پہلے ہی گر پڑا ہے۔ تعمیر کے دوران جو حفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت تھی اس میں لاپرواہی برتی گئی۔ یہ واقعہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ مزدور صحت مند رہیں، ان کا مناسب علاج ہو اور ان کی جان بچے یہی ہمارا مطالبہ ہے۔
’’قصورواروں کوسخت سزا دلائی جئے گی‘‘
قنوج حادثے پر یوگی حکومت کے وزیر اسیم ارون نے کہا، ’’یوگی حکومت ہر مزدور، بھائی بہن اور ان کے خاندان کے ساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، ایشور کا شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جانچ ہوگی، قصورواروں کو سخت سزا دلائی جائے گی۔
قنوج کے ضلع مجسٹریٹ شبھرانت کمار شکلا نے واقعہ کے بارے میں کہا، ’’ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب زیر تعمیر عمارت کی چھت کا شٹرنگ گر گیا۔ چھت کا شٹرنگ ایک عارضی ڈھانچہ ہے جو کنکریٹ کے جمنے کے دوران اسے سہارا دیتا ہے۔‘‘
زخمی خطرے میں نہیں
اس کے ساتھ ہی کانپور کے ڈویژنل کمشنر وجیندر پانڈیان بھی قنوج پہنچے اور انہوں نے کہا، ’’میں خود میڈیکل کالج کے پرنسپل سے رابطے میں ہوں، کسی زخمی کو خطرہ نہیں ہے اور نہ ہی کسی کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ملبہ ہٹانے کا کام ابھی جاری ہے۔ سارا ملبہ ہٹایا جا رہا ہے تاکہ کوئی مزدور دبا نہ رہے۔
بھارت ایکسپریس۔