Bharat Express

Pushpa 2 actor Allu Arjun house attacked:پشپا اداکار اللو ارجن کے گھر پر حملہ اور توڑ پھوڑ،مظاہرین نے پھینکے پتھر،جامعہ عثمانیہ کے8 طلبا گرفتار،وزیراعلیٰ کی سخت ہدایت

اللو ارجن کے والد نے کہا کہ فی الحال ہمارے لیے کسی بھی چیز پر ردعمل ظاہر کرنے کا صحیح وقت نہیں ہے۔ پولیس نے شرپسندوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس یہاں ہنگامہ کرنے والے کسی بھی شخص کو پکڑنے کے لیے تیار ہے۔

‘فلم پشپا 2 کی ریلیز کے دوران حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت ہوگئی تھی اور ایک بچہ شدید زخمی  حالت میں زیر علاج ہے۔اس معاملے میں  سپر اسٹار اللو ارجن کو مقامی پولیس نے 13 دسمبر کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا اور وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی نے پولیس  کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے اللو ارجن پر لاپرواہی کا الزام لگایا تھا۔ بھگدڑ میں خاتون کی موت سے حیدرآباد کے لوگ ناراض ہیں اور اللو ارجن کے تئیں ان کا غصہ بڑھتا جارہا ہے۔

اب خبر ہے کہ حیدرآباد میں اللو ارجن کے گھر پر عثمانیہ یونیورسٹی کے کچھ لوگوں نے حملہ کیاہے۔ مظاہرین نے اداکار کے گھر پر پتھراؤ کیا اور ساندھیا تھیٹر میں خاتون کی موت کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی لوگوں نے پشپا بھاؤ کے خلاف نعرے لگائے۔ اپنے بیٹے پر حملے کے بعد اداکار کے والد اللو اروند نے اپنی خاموشی توڑی ہے۔اپنے بیٹے کے گھر پر حملے کے بعد اللو اروند نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھر پر جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھا، لیکن یہ وقت صبر سے کام لینے اور حالات کے مطابق کام کرنے کا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ میں صرف اس لیے ردعمل نہیں دے رہا ہوں کہ میڈیا یہاں ہے، بلکہ اس لیے بھی کہ یہ صبر کرنے کا وقت ہے۔ قانون اپنا کام کرے گا۔

 بتایا جا رہا ہے کہ عثمانیہ یونیورسٹی سے وابستہ جے اے سی کے8 طلبا نے یہ کام کیاہے۔ اداکار کے گھر پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے پر 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اداکار کے والد ارجن اروند نے اس واقعہ پر بات کی۔اللو ارجن کے والد نے کہا کہ فی الحال ہمارے لیے کسی بھی چیز پر ردعمل ظاہر کرنے کا صحیح وقت نہیں ہے۔ پولیس نے شرپسندوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس یہاں ہنگامہ کرنے والے کسی بھی شخص کو پکڑنے کے لیے تیار ہے۔ کسی کو بھی ایسے واقعات کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے۔

وہیں دوسری جانب یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ جن لوگوں نے اللو ارجن کے گھر پر حملہ کیا ہے وہ سی ایم ریونت ریڈی کے لوگ ہیں اور کانگریس کے کارکنان ہیں ،اس پورے معاملے پر وزیراعلیٰ نے بھی جواب دیا ہے اور ریونت ریڈی نے کہا کہ انہوں نے ریاست کے ڈی جی پی اور سٹی پولیس کمشنر کو امن و قانون کے سلسلے میں سخت کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے اور اس معاملے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بھارت ایکسپریس۔