جیسون چیانگ
نیکسس سے تربیت یافتہ اسٹارٹ اپ کمپنی بایو سالوشنس آلودہ پانی کو صاف کرنے کا مؤثر حل پیش کرتی ہے ۔ اس پانی کو بعد میں گھریلو اور صنعتی دونوں ضرورتوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کو موسمی دیب ناتھ نے قائم کیا ہے جو ایک استاد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک محقق بھی ہیں۔ کمپنی پیٹنٹ شدہ بیکٹریریا کے مرکب کا استعمال کرتی ہے جو آلودگی کے بہت چھوٹے ذرّات کو ختم کرنے کے لیے بایو فلم تشکیل دیتا ہے۔ اس طور پر پانی صاف بھی کیا جا سکتا ہے اور اس میں موجود کسی قسم کے رنگ اور بدبو کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح خراب پانی کے انصرام میں بایو سالوشنس ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
دیب ناتھ کہتی ہیں ’’جدت طرازی اور دانشورانہ املاک ہی درحقیقت بایوسالو کی اصل قوت ہیں۔ ہماری تمام تر توجہ ماحولیاتی مسائل پر مرکوز ہے۔زمین کو حیات کے پھلنے پھولنے کے لیے ایک بہترسیارہ بنانے کی جستجو ہی ہمیں بہتر کاروباری پیشہ ور بناتی ہے۔ ہماری کاوشوں کے نتیجہ میں صاف پانی دستیاب ہو رہا ہے اور یوں ہم ایک صحت مند کرۂ ارض بنانے میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ ہمارا فعال سطحی عامل مٹی کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے جس سے مزید صاف اور زیادہ پائیدار زمین فروغ پاتی ہے۔‘‘
پیش خدمت ہیں دیب ناتھ سے لیے گئے ایک انٹرویوسے چند اہم اقتباسات
آپ اپنے پس منظر کے متعلق کچھ بتائیں اور یہ بھی کہ کاروبار میں آپ کی دلچسپی کیسے پیدا ہوئی؟
میں ایک پُرجوش محقق ہوں اور میرے پاس امریکہ، جرمنی اور آسٹریلیا میں پوسٹ ڈاکٹورل تحقیق کا تجربہ ہے۔نیز میں پیشے کے اعتبار سے ایک استاد بھی ہوں۔ میری تحقیقی کاوشوں کا مرکزی موضوع ایسی اختراع پردازی ہےجس سے وقت اور توانائی دونوں کی بچت ممکن ہو سکے،اور وہ جو مصنوعات مرکوز اور عمل مرکوزہے۔
جے پور میں کپڑا صنعت سے کافی بڑی مقدار میں رنگین پانی براہ راست امانی شاہ نہر میں خارج کردیا جاتا تھا۔ یہ دیکھنا میرے لیے ناقابل برداشت تھا۔ زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ یہی پانی فصلوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس بدحالی کو دیکھ کر میں نے کچھ کرنے کا فیصلہ کیا اور بالآخر بایوسالو انوویشنس پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے ایک کمپنی قائم کی۔ اس اسٹارٹ اپ کا مقصد طبقات اور صنعتوں کو صاف پانی مہیا کرانا، نیزخراب پانی کو دوبارہ کارآمد بنانا ہے تاکہ اسے صنعت اور کاشت کاری کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔
گندے پانی کو صاف کرنے کا آپ کا حل کیسے کام کرتا ہے؟
ہم ایک ترمیم شدہ موونگ بیڈ بایو فلم ری ایکٹر کا استعمال کرکے مختلف صنعتوں اور گھروں سے خارج ہونے والے گندے پانی کو صاف کرتے ہیں اور اسے کارآمد بنے نے کے ساتھ ساتھ دوبارہ استعمال کرنے کے لائق بناتے ہیں۔ ہم بیکٹیریا سے نئے حیاتیاتی مصنوعات کا استعمال کرتے ہیں جس سےخورد جراثیم کی ایک باریک جالی تیار کی جاتی ہے جو کہ آلودگی پیدا کرنے والے عناصرکو مسلسل ختم کرتی رہتی ہے۔ ایک بار یہ نظام نصب ہو جائے تو اس کی دیکھ ریکھ میں بہت کم خرچ درکار ہوتا ہے۔یہ ایک بالکل محفوظ عمل ہے جو کہ بہت کم جگہ گھیرتا ہے اور جس میں توانائی بھی بہت کم خرچ ہوتی ہے ۔ یہ زہریلے مرکبات میں کمی کو بھی یقینی بناتا ہے۔
بایو سالوانوویشن کے اہم سنگ میل کے بارے میں ہمیں کچھ بتائیں۔
ہم نے وارنگل، سنگانیر، باگرو اور پونے میں کپڑا صنعتوں سے خارج ہونے والے گندے پانی کو کامیابی کے ساتھ صاف کیا ہے۔ مزید برآں ہم نے گندے پانی کی نالیوں میں سے صاف کیے گئے پانی کو آبپاشی کے لیے کھیتوں میں بھیجا ہے۔
نیکسس پروگرام کے کچھ اپنے تجربات کا اشتراک کریں۔ آپ ان لوگوں کو کیا مشورہ دینا چاہیں گی جو ماحولیاتی اسٹارٹ اپ شروع کرنے کے خواہاں ہیں؟
راجستھان میں کاروباری پیشہ وری کا ایک پروگرام مکمل کرنے کے بعد مجھے نئی دہلی میں واقع امیریکن سینٹر کے زیر اہتمام نیکسَس پروگرام کے ۱۳ ویں گروپ کے لیے چنا گیا تھا۔ یہ تجربات ساجھا کرنےاور اسٹارٹ اپ کے سفر سے متعلق بہت کچھ سیکھنے کا ایک دلچسپ سفر تھا۔ میں نیکسس کی طالبہ ہونے کے ناطے اُن دنوں کو بہت قیمتی سمجھتی ہوں۔ میں نیکسس کے تمام اطالیقوں کی شکر گزار ہوں کہ میں نے اس پروگرام سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
مجھے لگتا ہے کہہندوستان اور امریکہ میں پائیداری کے شعبہ میں کاروبار ماحول دوست حل تیار کرنے پرہی پھل پھول سکتا ہے۔ اگرپیش کیا جانے والا حل سود مند اور آسانی سے تیار کیے جانے کے قابل ہے، تو کامیابی ناگزیر ہے۔
میں اپنے میدان میں کافی سارے حریف دیکھنا چاہتی ہوں۔ اس سے کرہ ارض کو حیات کے لیے بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے نیز ہوا، پانی اور مٹی کو بھی صاف کیا جا سکتا ہے۔
بشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی