انڈین کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل ڈراوڈ کی مدت کار بہت جلد مکمل ہونے والی ہے ، ان کی مدت کار مکمل ہونے سے پہلے ملک کی ٹیم کیلئے نئے کوچ کی تلاش شروع ہوچکی ہے۔ اس بیچ سب سے زیادہ جس نام پر بحث ہورہی ہے وہ سابق سلامی بلے باز گوتم گمبھیر کا ہے ۔ حالانکہ شروع میں انہوں نے ٹیم انڈیا کا کوچ بننے سے متعلق متعدد بار پوچھے گئے سوالا ت کو ٹال دیا تھا اور جواب دینے سے انکار کردیا تھا۔ البتہ اب انہوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ۔ واضح ہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے پہلے ہی اشارہ کردیا تھا کہ اگر کوئی انڈین سابق کھلاڑی ٹیم کے کوچ کا دعویدار بنتا ہے تو زیادہ بہتر ہوگا ۔ البتہ اس دوران مہندر سنگھ دھونی کو لیکر پیشن گوئی کی گئی کہ وہ جلد ہی آئی پی ایل سے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے اور انہیں ٹیم انڈیا کا کوچ بنادیا جائے گا ، لیکن ایسا نہ ہوسکا ، اس کے بعد آئی پی ایل میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کی شاندار کوچنگ نے گوتم گمبھیر کو سرخیوں میں لا دیا اور پھر ان کے نام کو ہر کسی نے آگے کرنا شروع کردیا۔
#WATCH | Abu Dhabi, UAE: “…I would love to coach the Indian team. There is no bigger honour than coaching your national team. You are representing 140 crore Indians and more across the globe as well and when you represent India, how can it get bigger than that? It is not me… pic.twitter.com/vWHJSXLyY0
— ANI (@ANI) June 2, 2024
ٹیم انڈیا کا کوچ بننے سے متعلق گوتم کا تازہ موقف یہ ہے کہ انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا بلکہ وہ اس پر فخر محسوس کریں گے ۔ ابوظہبی کے میڈور ہسپتال میں کھیلوں کے شائقین کے ساتھ بات چیت کے دوران جب ایک طالب علم نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنا چاہتے ہیں۔اس سوال کا جواب دیتے ہوئے گوتم نے کہا کہ میں ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کرنا پسند کروں گا۔ آپ کی قومی ٹیم کی کوچنگ سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے۔ آپ پوری دنیا میں 140 کروڑ ہندوستانیوں اور اس سے زیادہ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جب آپ ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہیں تو یہ اس سے بڑا کیسے ہوسکتا ہے؟ یہ میں نہیں ہوں کہ ہندوستان کو ورلڈ کپ جیتنے میں مدد کروں گا، یہ 140 کروڑ ہندوستانی ہیں جو ہندوستان کو ورلڈ کپ جیتنے میں مدد کریں گے۔ اگر ہر کوئی ہمارے لیے دعا کرنا شروع کر دے اور ہم کھیلنا اور ان کی نمائندگی کرنا شروع کر دیں تو ہندوستان ورلڈ کپ جیت جائے گا۔ سب سے اہم چیز بے خوف ہونا ہے۔
گوتم کے اس بیان کے بعد یہ قریب قریب طے ہوچکا ہے کہ اب بی سی سی آئی کیلئے ہیڈ کوچ کے طور پر گوتم پہلی پسند بن جائیں گے چونکہ جئے شاہ کے اشارے نے پہلے ہی معاملہ آسان کردیا تھا اور دوسرے ملکوں کے کوچ کو دوسرے درجے پر رکھ دیا تھا اور ترجیح ہندوستانی کوچ کو دینے کی بات کہی تھی ۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ گوتم کے سامنے فی الحال ہندوستان سے کوئی مقابل بھی نہیں ہے، اس لئے گوتم گمبھیر ٹیم انڈیا کے اگلے کوچ بن سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔