Bharat Express DD Free Dish

Archery World Cup 2026: آرچری عالمی کپ 2026 میں بھارتی خواتین کی ریکرو ٹیم نے جیتا گولڈ میڈل، منسکھ مانڈویہ نے دی مبارکباد

چین کے شہر شنگھائی میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں بھارت کی چوتھی سیڈ ٹیم نے میزبان چین کی دوسری سیڈ ٹیم کو سنسنی خیز شوٹ آف میں 28-26 سے شکست دی۔ مقررہ چار سیٹس کے اختتام پر مقابلہ 4-4 سے برابر تھا، جس کے بعد فیصلہ شوٹ آف کے ذریعے ہوا۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر کھیل منسکھ مانڈویہ نے دپیکا کماری، انکیتا بھکت اور کمکم موہود پر مشتمل بھارتی خواتین کی ریکرو ٹیم کو Archery World Cup 2026 میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ چین کے شہر شنگھائی میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں بھارت کی چوتھی سیڈ ٹیم نے میزبان چین کی دوسری سیڈ ٹیم کو سنسنی خیز شوٹ آف میں 28-26 سے شکست دی۔ مقررہ چار سیٹس کے اختتام پر مقابلہ 4-4 سے برابر تھا، جس کے بعد فیصلہ شوٹ آف کے ذریعے ہوا۔ چین کی ٹیم میں ژو جنگی، ہوانگ یووئی اور یو چی شامل تھیں، جبکہ بھارتی ٹیم نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ منسکھ مانڈویہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا: ’’گولڈن گرٹ، فیئرلیس اسپرٹ، پوڈیم فنش! دپیکا، انکیتا اور کمکم کو آرچری ورلڈ کپ اسٹیج 2 میں گولڈ جیتنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ آپ کی شاندار کارکردگی اور عزم نے پورے ملک کو فخر محسوس کرایا ہے۔‘‘

دپیکا کماری کا 39 واں ورلڈ کپ میڈل

شوٹ آف میں انکیتا بھکت نے پہلے 9 پوائنٹس حاصل کیے، جس کے بعد کمکم موہود نے 10 پوائنٹس اسکور کیے۔ بھارت کو فتح کے لیے 8 پوائنٹس درکار تھے اور چار مرتبہ اولمپکس میں شرکت کرنے والی دپیکا کماری نے 9 پوائنٹس حاصل کرکے ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔ یہ دپیکا کماری کے کیریئر کا 39 واں آرچری ورلڈ کپ میڈل ہے، جبکہ انکیتا بھکت کا آٹھواں اور کمکم موہود کا پہلا ورلڈ کپ میڈل ہے۔ بھارتی خواتین ٹیم نے سیمی فائنل میں 10 مرتبہ کی اولمپک چیمپئن اور ٹاپ سیڈ جنوبی کوریا کو 5-1 سے شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔

ساحل جادھو نے بھی جیتا برانز میڈل

بھارت نے آرچری ورلڈ کپ 2026 مہم کا اختتام دو میڈلز کے ساتھ کیا۔ مردوں کے انفرادی کمپاؤنڈ ایونٹ میں ساحل جادھو نے برانز میڈل جیتا۔ انہوں نے ڈنمارک کے مارٹن ڈیمسبو کو 147-144 سے شکست دے کر اپنا پہلا ورلڈ کپ میڈل حاصل کیا۔ وہیں سمرنجیت کور خواتین کے انفرادی مقابلے میں برانز میڈل سے محروم رہیں۔ انہیں جنوبی کوریا کی جنگ من ہی نے 6-4 سے شکست دی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔