برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں بھارت اورانگلینڈ کے درمیان جاری پانچ میچوں کی اینڈرسن-تندولکرٹرافی 2025 کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے انگلینڈ کوجیت کے لیے 608 رنوں کا ہدف دیا ہے۔ بھارت نے اپنی دوسری اننگ 6 وکٹوں پر427 رنوں پرڈکلیئرکردی۔ اس اننگ میں کپتان شبھمن گل نے 161 رنوں کی شانداراننگ کھیلی۔ اس سے قبل بھارت نے پہلی اننگ میں 587 رنوں بنائے تھے جبکہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں 407 رنوں اسکور کیے تھے۔ اس بنیاد پربھارت کو180 رنوں کی سبقت ملی۔
شبھمن نے پہلی اننگز میں 269، دوسری میں 161 رنز بنائے
بھارتی کپتان شبھمن گل نے اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں شاندار269 رنوں کی اننگزکھیل کرنہ صرف ایک یادگارڈبل سنچری بنائی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی بھارتی کپتان کا سب سے بڑا انفرادی اسکوربھی اپنے نام کرلیا۔ لیکن گل نے یہیں پربس نہیں کیا بلکہ انہوں نے دوسری اننگ میں بھی اپنی فارم کوجاری رکھتے ہوئے سنچری لگا دی۔
ایک ہی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اور سنچری بنانے والے دوسرے بھارتی
یہ کارنامہ ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً ڈیڑھ صدی کی تاریخ میں صرف 9 بلے باز انجام دے پائے ہیں۔ شبھمن گل اس فہرست میں شامل ہونے والے دنیا کے 9 ویں اور بھارت کے صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے اس سے پہلے یہ کارنامہ 1971 میں لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر نے انجام دیا تھا، جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں 124 اور دوسری میں 220 رنز بنائے تھے۔ اس وقت گواسکر ایسا کارنامہ انجام دینے والے صرف دوسرے کھلاڑی تھے۔
کپتانی میں نئی تاریخ رقم، سیریز میں تیسری سنچری
شبھمن گل نے سیریزکے پہلے میچ — لیڈز ٹیسٹ — میں سنچری کے ساتھ اپنے کپتانی کے عہد کی شروعات کی تھی۔ ایجبسٹن میں ان کی دوسری اننگز میں 129 گیندوں پر مکمل ہونے والی یہ سنچری ان کے کیریئر کی آٹھویں، سیریز کی تیسری اور انگلینڈ کے خلاف پانچویں سنچری ہے۔ ان کی بیٹنگ کا تسلسل یہ ظاہر کرتا ہے کہ کپتان بنتے ہی وہ مکمل طور پر ذمہ دار اور فیصلہ کن بلے باز بن کر ابھرے ہیں۔ ہفتہ 5 جولائی کو جب بھارت نے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا تو جلد ہی دوسرا وکٹ گر گیا۔ تب میدان میں آئے کپتان شبھمن گل اور انہوں نے اپنی بیٹنگ وہیں سے شروع کی جہاں پہلی اننگز میں چھوڑی تھی۔ انگلینڈ کے کسی گیند باز کے پاس ان کے خلاف کوئی جواب نہیں تھا اور دوسرے سیشن میں گل نے 129 گیندوں میں یادگار سنچری مکمل کر لی۔
شبھمن گل بھارت کے نئے کرشماتی کپتان
شبھمن گل نہ صرف کپتانی میں بلے بازی کا نیا معیار قائم کر رہے ہیں، بلکہ بھارتی ٹیم کو ایک نئی سمت دینے والے لیڈر کے طور پر بھی ابھرے ہیں۔ ان کی فارم، قیادت اور مسلسل کارکردگی نے بھارت کے ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کو نئی امیدیں دے دی ہیں۔ ان کا یہ تاریخی کارنامہ طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


