ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے باضابطہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے ایک روشن باب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ 38 سالہ روہت شرما نے بدھ کے روز انسٹاگرام پر ایک اسٹوری لگاتے ہوئے اپنے ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ روہت شرما نے اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انسٹا پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان
انسٹا گرام پر اپنی ٹیسٹ کیپ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے روہت شرما نے اس پر لکھا ’’سب کو ہیلو! میں صرف یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ وائٹس (ٹیسٹ) میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان گزشتہ برسوں میں آپ سے ملنے والی محبتوں اور حمایت کے لیے آپ کا شکریہ۔ میں ون ڈے فارمیٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا۔‘‘

جانیے ٹیسٹ کرکٹ میں کیسا ہے روہت شرما کا ریکارڈ
واضح رہے کہ روہت شرما نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2013 میں کیا اور 67 میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 4,301 رنز بنائے۔ ان کے ریڈ بال کیریئر میں 12 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل ہیں، جس میں 2019 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کے ٹیسٹ کیریئر کا بہترین اسکور 212 بھی شامل ہے۔
وہیں ٹیسٹ فارمیٹ میں بطور کپتان روہت شرما نے 24 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 12 میں ٹیم انڈیا کو جیت اور 9 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اگرچہ روہت شرما کو ٹیم انڈیا کے حالیہ آسٹریلیا دورے کے دوران ٹیم کی خراب کارکردگی کے سبب سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس میں ہندوستان کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم روہت کی کپتانی میں ٹیم انڈیا 2023 میں ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل تک پہنچی تھی۔
مداحوں کو اب صرف ون ڈے کرکٹ میں نظر آئیں گے روہت
حالاں کہ روہت نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے، لیکن انھوں نے یہ واضح کر دیا ہے کہ وہ ابھی ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کے لیے کھیلتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ روہت شرما انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔ اب ٹیسٹ ریٹائرمنٹ کے ساتھ وہ صرف ون ڈے میں ہی ٹیم انڈیا کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

