Bharat Express DD Free Dish

Asian Games 2026: انکش پنگھال کا گولڈن پنچ، 6میڈل کے ساتھ ہندوستان کی باکسنگ مہم ختم

انکش پنگھال کے گولڈ کے ساتھ ہی ایشیئن گیمز 2026 میں ہندوستان کی باکسنگ مہم ختم ہوگئی۔ آئیچی-ناگویا گیمز میں ہندوستانی باکسرز نے مجموعی طور پر 6 تمغے جیتے، جن میں 3 گولڈ اور 3 برونز میڈل شامل ہیں۔اس سے پہلے پروین ہڈا اور لولینا بورگوہین بھی گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ پروین نے چینی تائپے کی نیئن چن چے کے خلاف سخت فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔

ایشیئن گیمز 2026 میں ہندوستان کی باکسنگ مہم شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوئی۔ نشیو جمنازیم میں کھیلے گئے مردوں کے 80 کلوگرام زمرے کے فائنل میں انکش پنگھال نے جنوبی کوریا کے منسونگ کم کو 4-0 سے شکست دے کر ہندوستان کی جھولی میں ایک اور گولڈ میڈل ڈال دیا۔انکش نے مقابلے کی شروعات سے ہی اپنا دباؤ برقرار رکھا۔ 5 میں سے 4 ججوں نے ان کے حق میں 30-26 کا فیصلہ دیا، جب کہ ایک جج نے دونوں باکسرز کو 28-28 سے برابر قرار دیا۔ کوریائی باکسر کو پہلے راؤنڈ میں وارننگ ملنے کے بعد ایک پوائنٹ کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ انکش نے زوردار پنچ لگاتے ہوئے پہلا راؤنڈ 4-1 سے جیتا۔دوسرے راؤنڈ میں بھی ہندوستانی باکسر کا مظاہرہ بہتر رہا۔ انہوں نے 1-2 کومبینیشن اور کاؤنٹر پنچ کے ذریعے یہ راؤنڈ 5-0 سے اپنے نام کیا۔ کم نے بھی کچھ اچھے پنچ لگائے، لیکن انکش زیادہ بہتر تال میل میں نظر آئے۔تیسرے راؤنڈ میں بھی ہندوستانی باکسر نے کاؤنٹر پنچ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دفاع اور حملے کے درمیان بہترین توازن قائم رکھتے ہوئے تیسرا راؤنڈ 4-1 سے جیتا اور مجموعی طور پر مقابلہ 4-0 سے اپنے نام کر لیا۔

ہندوستان نے جیتے 3 گولڈ اور 3 برونز

انکش پنگھال کے گولڈ کے ساتھ ہی ایشیئن گیمز 2026 میں ہندوستان کی باکسنگ مہم ختم ہوگئی۔ آئیچی-ناگویا گیمز میں ہندوستانی باکسرز نے مجموعی طور پر 6 تمغے جیتے، جن میں 3 گولڈ اور 3 برونز میڈل شامل ہیں۔اس سے پہلے پروین ہڈا اور لولینا بورگوہین بھی گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ پروین نے چینی تائپے کی نیئن چن چے کے خلاف سخت فائنل مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔ روہتک کی اس باکسر نے پہلے راؤنڈ میں 5-0 سے کامیابی حاصل کرکے اچھی شروعات کی، لیکن چے نے دوسرے راؤنڈ میں واپسی کرتے ہوئے اسے بھی 5-0 سے جیت لیا۔ آخری راؤنڈ میں پروین نے تحمل کا مظاہرہ کیا اور 3-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسپلٹ فیصلے کے ذریعے 3-2 سے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔پروین ایشیئن گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی تیسری ہندوستانی خاتون باکسر بن گئی ہیں۔ اس سے قبل عظیم باکسر ایم سی میری کوم نے 2014 کے انچیون ایشیئن گیمز میں خواتین کے 51 کلوگرام زمرے میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

لولینا نے سالگرہ پر جیتا گولڈ

جمعہ کو 29 سال کی ہونے والی لولینا بورگوہین نے 75 کلوگرام زمرے کے فائنل میں چین کی جئی باؤ کو 5-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا۔ یہ 12 سال بعد ہندوستانی خواتین کی باکسنگ میں ایشیئن گیمز کا گولڈ میڈل ہے۔ٹوکیو اولمپکس میں برونز میڈل جیتنے والی لولینا نے ایشیئن گیمز 2022 کی اپنی کارکردگی کو بہتر کرتے ہوئے سلور میڈل سے آگے بڑھ کر گولڈ حاصل کیا۔ باؤ کے خلاف شاندار مظاہرے کے ساتھ انہوں نے اپنی سالگرہ کو بھی یادگار بنا دیا۔ہندوستان نے باکسنگ میں 3 برونز میڈل بھی حاصل کیے۔ کپِل پوکھریا (مردوں کا 90 کلوگرام)، نریندر بیر وال (مردوں کا 90 پلس کلوگرام) اور پریا گھانگھس (خواتین کا 60 کلوگرام) نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، لیکن اپنے اپنے مقابلوں میں شکست کے بعد انہیں برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔

11 باکسرز نے لیا تھا حصہ

ہندوستان نے آئیچی-ناگویا گیمز میں 11 باکسرز کو میدان میں اتارا تھا۔ ساکشی چودھری خواتین کے 51 کلوگرام زمرے میں راؤنڈ آف 16 کے دوران قازقستان کی موجودہ عالمی چیمپئن آلوا بالکی بیکووا سے ہار گئیں۔پریتی پوار خواتین کے 54 کلوگرام زمرے میں پری کوارٹر فائنل میں شمالی کوریا کی پینگ چول می سے شکست کھا کر باہر ہوئیں۔ جادومنی سنگھ بھی مردوں کے 55 کلوگرام زمرے میں پری کوارٹر فائنل میں فلپائن کے کارلو پالام سے ہار گئے۔سچن سیواچ مردوں کے 60 کلوگرام زمرے کے کوارٹر فائنل میں جاپان کے شونسوکے کیتاموتو سے شکست کھا گئے، جبکہ سمیت کنڈو مردوں کے 70 کلوگرام زمرے میں پری کوارٹر فائنل کے دوران ایران کے علی قاسم الساری سے ہار کر مقابلے سے باہر ہوگئے۔اس طرح گولڈ میڈل کے اعتبار سے یہ ایشیئن گیمز میں ہندوستان کی اب تک کی سب سے کامیاب باکسنگ مہم رہی۔ ہندوستانی باکسنگ ٹیم نے گزشتہ ایشیئن گیمز کے 4 میڈل، جن میں 1 سلور اور 3 برونز شامل تھے، کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اگرچہ ایشیئن گیمز 2010 میں ہندوستان نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ 9 باکسنگ تمغے جیتے تھے، لیکن آئیچی-ناگویا گیمز میں 3 گولڈ میڈل جیتنے کی وجہ سے یہ مہم خاص رہی۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read