ٹیم انڈیا نے ونڈے سیریزمیں جنوبی افریقہ کوہرا دیا۔ وشاکھا پٹنم میں کھیلے گئے سیریزکے آخری میچ میں ٹیم انڈیا نے بالکل یکطرفہ اندازمیں جنوبی افریقہ کو9 وکٹ سے روند دیا۔ اس کے ساتھ کے ایل راہل کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے مسلسل دوسری بارجنوبی افریقہ کو1-2 سے سیریزمیں شکست دی۔ اس سیریزمیں ہندوستانی ٹیم نے پہلی بارٹاس جیتا اورپھرپہلے گیند بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو صرف 270 رنوں پرروک دیا۔ کلدیپ یادواورپرسدھ کرشنا نے 4-4 وکٹ حاصل کرکے اس میں بڑا رول نبھایا۔ اس کے بعد یشسوی جیسوال نے ونڈے کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری لگاکرٹیم کوجیت تک پہنچایا۔
وشاکھا پٹنم میں ہفتہ 6 دسمبرکوونڈے سیریزکا آخری میچ کھیلا گیا۔ اس سے پہلے سیریز 1-1 کی برابری پرپہنچ چکی تھی اورٹیم انڈیا پر39 سال پرانا خطرہ منڈرا رہا تھا۔ 87-1986 میں پاکستان نے ہندوستان دورے پرآکرٹسٹ اورونڈے سیریزمیں ٹیم انڈیا کوشکست دی تھی۔ اس کے بعد سے ہی ٹیم انڈیا نے پھرکبھی ایک ہی ٹیم کے خلاف گھرمیں دونوں سیریزنہیں گنوائی تھی۔ وشاکھا پٹنم میں یہ سلسلہ ٹوٹنے کا خطرہ تھا، لیکن بہترین کارکردگی اورتھوڑا قسمت کی مدد سے ٹیم انڈیا نے اس انہونی کوٹال دیا۔
کلدیپ-پرسدھ کرشنا نے دیئے بڑے جھٹکے
اس کی شروعات ٹاس جیتنے کے ساتھ ہوئی، جو مسلسل 20 ونڈے میچ کی ناکامی کے بعد آیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اورپھر گیند بازوں نے اپنا کمال دکھایا۔ پہلے اوورمیں ہی ارش دیپ سنگھ نے رائن ریکلٹن کوآوٹ کیا، لیکن اس کے بعد کوئنٹن ڈی کاک نے حملہ بولتے ہوئے اپنی 23ویں سنچری لگا دی۔ حالانکہ شروعات میں پٹنے والے پرسدھ کرشنا نے 29ویں اوورمیں 2 وکٹ لے کرواپسی کرائی اورپھر 33ویں اوورمیں ڈی کاک (106) کو آوٹ کردیا۔ یہاں سے وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا اوراس میں کلدیپ یادو نے بھی بڑا کردار نبھایا۔ 39ویں اوورمیں کلدیپ یادو نے 2 وکٹ اپنے نام کئے اوراس کے بعد بھی 2 اوروکٹ لے کرجنوبی افریقہ کو 270 رنوں پرہی روک دیا۔
جیسوال کی سنچری، روہت-کوہلی کی شاندار اننگ
اس کے بعد ٹیم انڈیا کے لئے روہت شرما اوریشسوی جیسوال نے ایک بہترین شراکت کی۔ دونوں کی شروعات کافی سست رہی تھی، لیکن دھیرے-دھیرے دونوں نے رفتار بڑھائی اور 25.5 اوورمیں 155 رنوں کی بڑی شراکت داری کرتے ہوئے میچ کا نتیجہ تقریباً طے کردیا تھا۔ روہت شرما نے 73 گیندوں کا سامنا کیا اور 75 رن بنائے، جس میں 7 چوکے اورتین چھکے لگائے۔ حالانکہ اپنی زبردست اننگ کو سنچری میں تبدیل نہیں کرسکے، لیکن جیسوال نے شروعاتی دو مقابلوں کی ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں پہلی سنچری لگا دی۔ وہیں روہت شرما کے آوٹ ہونے کے بعد کریز پرآئے وراٹ کوہلی نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے زبردست نصف سنچری لگائی اورجیسوال کے ساتھ مل کر 116 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو 39.5 اوورمیں ہی میچ اورسیریز جتا دی۔ کوہلی نے 45 گیندوں میں ناٹ آوٹ 65 رن بنائے، جس میں 6 چوکے اورتین چھکے لگائے۔ وہیں یشسوی جیسوال نے ناٹ آوٹ 116 رن بنائے۔ انہوں نے 121 گیندوں کا سامنا کیا، اس میں 12 چوکے اور2 چھکے لگائے۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


