Bharat Express DD Free Dish

England opt to bowl in 4th Test: چوتھے ٹیسٹ میں گل مسلسل چوتھی بار ہار گئے ٹاس، انگلینڈ نے گیند بازی کا کیا فیصلہ، انشل کمبوج کا ڈیبیو

ہریانہ کے 24 سالہ تیز گیند باز انشل کمبوج کو ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا، اور انہیں آکاش دیپ کے متبادل کے طور پر پرسیدھ کرشنا پر ترجیح دی گئی۔ کمبوج نے سابق کرکٹر دیپ داس گپتا سے اپنی پہلی ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔

مانچسٹر، انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس نے چوتھے ٹیسٹ میں بھی ٹاس جیتا اور بدھ کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میدان میں ہندوستان کے خلاف گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت سیریز میں 1-2 سے پیچھے ہے، اور اسے سیریز کو زندہ رکھنے کے لیے لازمی طور پر یہ میچ جیتنا ہوگا۔ اگر ہندوستان یہ میچ ہار جاتا ہے تو شبمن گل کی کپتانی کا آغاز ایک شکست کے ساتھ ہوگا۔ دوسری جانب، لارڈز میں 22 رنوں سے جیت حاصل کرنے والی انگلش ٹیم ماضی کی کارکردگی سے حوصلہ پاکر سیریز پر فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔

انجری سے پریشان ٹیم انڈیا

ہندوستانی ٹیم انجریز سے جوجھ رہی ہے، ارشدیپ سنگھ اور آکاش دیپ چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو چکے ہیں، جبکہ نوجوان آل راؤنڈر نتیش کمار ریڈی بائیں گھٹنے کی چوٹ کے سبب پوری سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ ہریانہ کے 24 سالہ تیز گیند باز انشل کمبوج کو ٹیم انڈیا میں شامل کیا گیا، اور انہیں آکاش دیپ کے متبادل کے طور پر پرسیدھ کرشنا پر ترجیح دی گئی۔ کمبوج نے سابق کرکٹر دیپ داس گپتا سے اپنی پہلی ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔ اس کے ساتھ شاردل ٹھاکر کو بھی زخمی نتیش کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ کرون نائر کو باہر کر دیا گیا ہے، اور سائی سدرشن سیریز کے پہلے میچ کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔

کنڈیشن گیندبازی کے لیے بہتر

ٹاس کے بعد انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ ہم گیندبازی کریں گے۔ اوور ہیڈ کنڈیشن گیندبازی کے لیے اچھی ہے۔ درمیان میں اچھا وقفہ ملا، کھلاڑی تازہ دم ہو کر آئے ہیں۔ لارڈز میں سب نے اپنی جان جھونک دی تھی۔ پہلے تینوں میچ آخری سیشن تک گئے، جو دونوں ٹیموں کے معیار کو ظاہر کرتا ہے۔ مانچسٹر کی وکٹ سخت اور سبز ہے۔ ڈاؤسن کافی وقت بعد واپس آئے ہیں، لیکن ہمیشہ اچھا کھیلتے آئے ہیں۔

پچھلے تین ٹیسٹ میں کارکردگی شاندار رہی

ہندوستانی کپتان شبمن گل نے ٹاس کے وقت کہا مجھے تھوڑا کنفیوژن تھا، اچھا ہوا ٹاس ہار گئے۔ پچھلے تین ٹیسٹ میں ہماری کارکردگی شاندار رہی۔ کچھ اہم لمحات ضرور گنوائے، لیکن زیادہ سیشن ہم نے جیتے۔ تینوں میچ بہت سخت تھے، بریک کی ضرورت تھی۔ وکٹ اچھی لگ رہی ہے، اگرچہ چوتھے پانچویں دن بارش کی پیش گوئی ہے۔ تین تبدیلیاں کی گئی ہیں: سائی سدرشن کرون کی جگہ، جبکہ کمبوج اور شاردل آکاش دیپ اور ریڈی کی جگہ شامل کیے گئے ہیں۔

خبر لکھے جانے تک ہندوستان نے پہلے سیشن میں 9 اوورس میں بنا کوئی وکٹ گنوائے 25 رن بنا لیے تھے۔ دونوں سلامی بلے باز اچھی پوزیشن میں کھیلتے دکھائی دئیے۔ یشسوی جیسوال 8 جبکہ کے ایل راہل 15 رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم: زیک کرالی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، لیام ڈاؤسن، کرس ووکس، بریڈن کارس، جوفرا آرچر۔

ہندوستانی ٹیم: یشسوی جیسوال، کے ایل راہول، سائ سدھرسن، شبمن گل (کپتان)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجا، واشنگٹن سندر، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ، محمد سراج، انشل کمبوج۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read