انڈر-19 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے مقابلے کا نتیجہ اگرچہ بھارت کے حق میں رہا، لیکن میچ کے آغاز سے قبل ایک غیر معمولی واقعے نے تنازع کھڑا کر دیا۔ ٹاس کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی ہینڈ شیک نہ ہونے پر سوشل میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں خاصی بحث شروع ہو گئی۔ ٹاس کے وقت بھارت کی جانب سے کپتان آیوش مہاترے میدان میں موجود تھے، جب کہ بنگلہ دیش کی طرف سے کپتان عزیزالحق حکیم کے بجائے نائب کپتان جواد ابرار ٹاس کے لیے آئے۔ ٹاس مکمل ہونے کے بعد عام طور پر دونوں کپتانوں کے درمیان ہاتھ ملایا جاتا ہے، لیکن اس موقع پر ایسا نہیں ہوا، جس نے شائقین اور ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا۔
BCB Statement on Toss-Related Incident in U19 World Cup Opener
The Bangladesh Cricket Board (BCB) has taken note of an inadvertent and unwarranted action that occurred at the toss prior to the opening match of the ICC Under 19 World Cup 2026, Zimbabwe & Namibia, between… pic.twitter.com/st9HbTDcGH
— Bangladesh Cricket (@BCBtigers) January 17, 2026
اس معاملے پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے وضاحت پیش کی ہے۔ بورڈ کے مطابق کپتان عزیزالحق حکیم بیماری کے باعث ٹاس میں شرکت نہیں کر سکے تھے، اسی لیے نائب کپتان نے ٹیم کی نمائندگی کی۔ بی سی بی نے ہینڈ شیک نہ ہونے کے واقعے کو ایک غیر ارادی اور لاعلمی میں ہونے والی غلطی قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے واضح کیا کہ بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانا کسی قسم کی بے ادبی یا توہین کے ارادے سے نہیں تھا۔ یہ محض ایک اتفاقی بھول تھی اور اس کا مقصد ہرگز مخالف ٹیم کی دل آزاری نہیں تھا۔ بورڈ نے زور دیا کہ کرکٹ کی روح اور حریف ٹیم کا احترام ان کے لیے سب سے اہم اصول ہیں۔
بی سی بی نے مزید بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ کو اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور کھلاڑیوں کو سخت ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ آئندہ ہر موقع پر کھیل کے جذبے اور باہمی احترام کا خاص خیال رکھیں۔ بورڈ کے مطابق میدان میں رویہ اور اخلاقیات ٹیم کی شبیہ کو ظاہر کرتے ہیں، اس لیے کسی بھی قسم کی غلط فہمی سے بچنا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے نظر آئے، جس نے کھیل جذبے کی بہترین مثال پیش کی۔ 17 جنوری کو کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارت نے ڈک ورتھ-لوئس قانون کے تحت بنگلہ دیش کو 18 رنز سے شکست دی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



