Bharat Express DD Free Dish

Bihar Rain Alert: موسم کے قہر  سے ایک دن میں 61 افراد ہلاک،آئی ایم ڈی نے جاری کیا الرٹ

تیجسوی یادو نے بہار حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ تمام متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرے، گہیوں کی تیار فصل برباد ہوگئی ہے، بہار حکومت ان تمام کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرے

بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں طوفان، بارش اور آسمانی بجلی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ نالندہ، سیوان، سرن، بھوجپور، اروال، گیا، دربھنگہ، جموئی اور سہارسا سمیت 20 اضلاع میں 61  لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ سب سے زیادہ اموات نالندہ میں ہوئیں۔ یہاں درخت گرنے سے 22 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اسی دوران سیوان میں آسمانی بجلی گرنے سے چار لوگوں کی موت ہو گئی۔ آسمانی بجلی گرنے سے کل 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ طوفان اور بارش کی وجہ سے نالندہ کے اسلام پور تھانہ علاقے کے بلمت بیگھا گاؤں میں ایک پل گر گیا۔ اس کے نیچے پناہ لینے والے تین افراد اس کے نیچے دب گئے۔ تینوں فوت ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو 40 سے 50 کلومیٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی تھی۔ اگر ہم بارش کی بات کریں تو پٹنہ میں سب سے زیادہ 42.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

‘کسانوں کے نقصانات کا ازالہ ہونا چاہیے، انہیں معاوضہ ملنا چاہیے’

اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے جمعرات کی رات (10 اپریل 2025) کو X پر لکھا، “بہار میں آندھی طوفان، بارش، آسمانی بجلی گرنے، درخت اور دیوار گرنے کے مختلف واقعات میں 50 سے زائد افراد کی اموات سے مجھے گہرا دکھ ہوا ہے۔ میں اپنی دل کی گہرائی سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں کہ بھگوان متاثرہ خاندانوں کو صبر دے۔ دکھ کی اس گھڑی میں بہار حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ تمام متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرے، اچانک ہوئی شدید بارش  میں کسانوں کا کافی نقصان ہوا ہے ، گہیوں کی تیار فصل برباد ہوگئی ہے، بہار حکومت ان تمام کسانوں کے نقصان کا ازالہ کرے۔

ان اضلاع میں بارش کا الرٹ

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو بھی کئی اضلاع میں ایک دو مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورنیہ، کٹیہار، ارریہ، کشن گنج، سپول، مدھوبنی، سہارسا، مدھے پورہ، سیتامڑھی، شیوہر، مغربی اور مشرقی چمپارن میں بارش اور گرج چمک کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ کے موسم کی بات کریں تو آج صبح دھوپ ہے۔ ٹھنڈی ہوا نے درجہ حرارت میں کمی کی ہے۔ یہاں بھی محکمہ موسمیات نے بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ گیا، مظفر پور، دربھنگہ، بھاگلپور، بنکا، جموئی، کھگڑیا، بیگوسرائے، نالندہ، نوادہ، اورنگ آباد، کیمور، بکسر، روہتاس اور بھوجپور میں بھی بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

4 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان

سی ایم نتیش کمار نے ریاست میں اس طرح کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ  حکومتی اعداد و شمار کے مطابق صرف 25 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ نالندہ میں 18، سیوان میں 02، کٹیہار میں 01، دربھنگہ میں 01، بیگوسرائے میں 01، بھاگلپور میں 01 اور جہان آباد میں 01 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام مرنے والوں کے لواحقین کو چار چار لاکھ روپے کی ایکس گریشیا گرانٹ دینے کی ہدایات دی ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read