Bharat Express

Jamaat-e-Islami Hind: مرکزی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جز وقتی مکاتب کے لیے اسلامیات کی ہندی کتابوں کا اجراء

ان کتابوں کا مقصد ان طلبہ کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرنا ہے جو سرکاری یا نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور دینی تعلیمات سے محروم ہیں۔

اسلامیات کی ہندی کتابوں کا اجراء

نئی دہلی: مرکزی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جز وقتی مکاتب کے طلبہ کے لیے اسلامیات کی ہندی زبان میں کتابوں کا اجرا امیرِ جماعتِ اسلامی ہند، سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر جماعتِ اسلامی ہند کے نائب امیر جناب ایس امین الحسن صاحب، سیکرٹری جنرل جناب ٹی عارف علی، مرکزی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر محمد سلیم انجینئر، بورڈ کے سیکرٹری سید تنویر احمد، اور اسلامیات کے کوآرڈینیٹر مولانا انعام اللہ فلاحی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی تعلیمی بورڈ پہلے ہی “اسلامیات برائے جز وقتی مکاتب” کی چار جلدیں اردو میں شائع کر چکا ہے، جن میں سے پہلی اور دوسری جلد اب ہندی زبان میں بھی دستیاب ہیں۔ تیسری اور چوتھی جِلد، جَلد ہی منظر عام پر آئیں گی۔

ان کتابوں کا مقصد ان طلبہ کو اسلامی تعلیمات سے آراستہ کرنا ہے جو سرکاری یا نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور دینی تعلیمات سے محروم ہیں۔ یہ کتابیں قرآن کریم کی تلاوت، سورتوں کی حفظ، احادیث اور دعاؤں کو یاد کرنے کی تربیت فراہم کرتی ہیں۔

ہندی زبان میں ان کتابوں کی اشاعت مرکزی تعلیمی بورڈ کے ایک وسیع منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ طلبہ تک پہنچانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، بورڈ نے ایک موبائل ایپ تیار کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے ذریعے طلبہ اسلامیات کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ اس ایپ میں آن لائن اور آف لائن دونوں موڈز دستیاب ہوں گے، جس سے دنیا کے کسی بھی حصے میں رہنے والے طلبہ اپنے فارغ وقت میں اسلامیات کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ ایپ میں اساتذہ کے ویڈیو اسباق، انٹرایکٹو کوئزز، اور جائزہ لینے کے مراحل بھی شامل ہوں گے تاکہ طلبہ کو بہتر طریقے سے سیکھنے کا موقع مل سکے۔

“اسلامیات برائے جز وقتی مکاتب” کی اشاعت کے علاوہ، مرکزی تعلیمی بورڈ دیگر مضامین جیسے انگریزی، ہندی، اردو، عربی، جغرافیہ اور تاریخ کے تعلیمی مواد بھی شائع کرتا رہتا ہے، تاکہ طلبہ کی تعلیمی اور اخلاقی تربیت میں مدد فراہم کی جا سکے۔ اساتذہ، طلبہ اور والدین سے گزارش ہے کہ وہ مرکزی تعلیمی بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ تعلیمی وسائل سے استفادہ کریں اور بورڈ کی تعلیمی سرگرمیوں سے وابستہ رہیں۔

بھارت ایکسپریس۔