نئی دہلی: قومی دارالحکومت خطہ (این سی آر) میں فضائی آلودگی نے ایک بار پھر سنگین صورتحال پیدا کر دی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)، دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی)، اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ (یو پی پی سی بی) اور آئی ایم ڈی کے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد کے بیشتر علاقوں میں فضائی معیار اشاریہ (اے کیو آئی) مسلسل 400 سے اوپر درج کیا جا رہا ہے۔
آلودگی کی شدید زد میں اتر پردیش کے شہر
یہ صورتحال ’انتہائی سنگین‘ زمرے میں آتی ہے، جو عام زندگی اور صحت کے لیے نہایت خطرناک مانی جاتی ہے۔ غازی آباد میں اندراپورم کا اے کیو آئی 410، لونی میں 435، سنجے نگر میں 335 اور وسندھرا میں 439 ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں نوئیڈا کے سیکٹر-125 میں اے کیو آئی 406، سیکٹر-62 میں 385، سیکٹر-1 میں 411 اور سیکٹر-116 میں 409 درج ہوا۔ یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ دہلی سے ملحق اتر پردیش کے شہر بھی آلودگی کی شدید زد میں ہیں۔
دہلی کی صورتحال بھی ہے مزید تشویشناک
دہلی کی صورتحال اور بھی تشویشناک دکھائی دے رہی ہے۔ آنند وہار میں اے کیو آئی 444، اشوک وہار میں 442، روہنی میں 438، پنجابی باغ میں 436 اور پٹپڑگنج میں 434 ریکارڈ کیا گیا۔ آر کے پورم میں 420، سونیا وہار میں 417، بوانا میں 416 اور اوکھلا فیز-2 میں 415 درج ہوا۔ اس کے علاوہ چاندنی چوک 408، دہلی یونیورسٹی 403، شادی پور 372، سی آر آر آئی متھرا روڈ 360، سری فورٹ 398 اور شری اربندو مارگ 325 اے کیو آئی ہے۔ ان علاقوں میں بھی ہوا کی حالت نہایت خراب بنی ہوئی ہے۔
آنے والے دنوں میں بڑی راحت کے آثار نہیں
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں بھی فوری طور پر کسی بڑی راحت کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ 20 سے 22 جنوری کے دوران معتدل کہرے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 7 سے 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا اندازہ ہے۔ اگرچہ محکمہ موسمیات نے کوئی خاص وارننگ جاری نہیں کی، بھر بھی ہوا کی کم رفتار اور سرد موسم کے باعث آلودگی کے ذرات فضا میں ہی پھنسے ہوئے ہیں۔
NCR پر چھائی ہوئی ہے اسموگ کی موٹی چادر
دلچسپ بات یہ ہے کہ کہرا نسبتاً کم ہے اور حدِ نگاہ بھی بہتر بتائی جا رہی ہے، اس کے باوجود پورے این سی آر پر اسموگ کی موٹی چادر چھائی ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق گاڑیوں کا دھواں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گرد، صنعتی اخراج اور موسمی حالات مل کر اس سنگین صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔
مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ
صحت کے ماہرین نے بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز، ماسک کے استعمال اور گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ فی الحال جب تک موسم میں تبدیلی یا تیز ہوائیں نہیں چلتیں، این سی آر کے لوگوں کو آلودگی سے راحت ملتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

